34

نیا آئی فون لانچ ہوتے ہی میمز کی زد میں آگیا

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اب تک کے جدید سیکیورٹی فیچرز سے لیس سستے ترین آئی فونز پیش کردیے، ایپل نے جہاں اب تک کے سستے اور بہترین فون متعارف کروائے، وہیں کمپنی نے نئے واچ اور ایئر پوڈز بھی پیش کردیے۔

کمپنی نے اس بار کیمرا ٹیکنالوجی میں بہت بڑی تبدیلی لاتے ہوئے اسے اپ گریڈ کیا ہے جبکہ پہلی بار فون میں ایسے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں جو تاحال کسی اور کمپنی نے نہیں دیے۔

آئی فون میں ایمرجنسی میسجز اور فون کالز کے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں، یعنی جیسے ہی موبائل کے مالک کے ساتھ کوئی حادثہ ہوگا تو موبائل از خود ایمرجنسی فون یا میسج کے ذریعے امدادی اداروں کو مطلع کرے گا اور ساتھ ہی صارف کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں کو بھی حادثے سے متعلق آگاہ کرے گا۔

علاوہ ازیں فون میں سیٹلائٹ کی مدد سے کال یا پیغامات بھیجنے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، یعنی جہاں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کرے گا، وہیں آئی فون مختلف سیٹلائٹس کی مدد سے کال کرنے یا پیغام بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

آئی فونز کو متعارف کروائے جانے پر لوگوں نے ٹویٹر پر مزاحیہ ٹویٹس کیں اور اس پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔

جہاں بعض لوگوں نے آئی فون 14 کو گزشتہ سال پیش کیے جانے والے آئی فون 13 جیسا ہی قرار دیا، وہیں بعض لوگوں نے اس کی قیمت اور ڈیزائن سمیت دیگر فیچرز پر بھی مزاحیہ ٹویٹس کیں۔

اگرچہ ایپل نے اس بار فون کی قیمت گزشتہ سال پیش کیے گئے آئی فون 13 سے بھی کم رکھی ہے، تاہم اس کے باوجود بعض لوگ فون کی قیمت پر بھی مذاق کرتے دکھائی دیے، اس بار آئی فون 14 کی ابتدائی قیمت 800 ڈالر رکھی گئی ہے۔

بعض صارفین نے لکھا کہ یہاں ایپل نے آئی فون 14 پیش کردیا ہے، جس پر کچھ لوگ اب ان افراد کی طرف دیکھ رہے ہیں جو ابھی تک اینڈرائڈ فون استعمال کر رہے ہیں۔

کچھ افراد نے لکھا کہ گزشتہ چار سال سے ایپل ایک طرح کے ہی فون پیش کر رہا ہے، جس پر لوگ پریشان بھی ہیں۔