68

منی لانڈرنگ کیس میں جیکولین فرنانڈس کی وضاحت

بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنانڈس نے 200 کروڑ روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں خود کو سازش کا شکار قرار دے دیا۔

بھارت کا تحقیقاتی ادارہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (Enforcement Directorate) اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنانڈس (Jacqueline Fernandez) کو ملزم نامزد کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

اس حوالے سے جیکولین فرنانڈس کے وکیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب تک ہمیں صرف یہ معلوم ہوا ہے کہ ای ڈی نے شکایت درج کرائی ہے، ہمیں یہ معلومات صرف میڈیا رپورٹس سے ملی ہیں۔ میرے موکل کو شکایت کی کوئی کاپی بھی نہیں ملی۔

جیکولین فرنانڈس کے وکیل نے مزید کہا کہ اگر میڈیا رپورٹس درست ہیں تو یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ انہیں کیس میں ملزم بنایا جا رہا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اس معاملے میں ان کی موکلہ متاثرین میں شامل ہیں، وہ خود دھوکہ کھا چکی ہیں۔ فراڈییے سکیش چندر شیکھر نے انہیں بھی دھوکہ دیا ہے۔

اداکارہ کے وکیل نے مزید کہا کہ ان کی موکلہ نے شروع سے ہی تفتیشی ایجنسی کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ چارج شیٹ میں جیکولین کا نام بڑی سازش ہے۔

معاملہ کیا ہے ؟

جیکولین فرنانڈس (Jacqueline Fernandez) کے سابق بوائے فرینڈ سکیش چندر شیکھر کے خلاف گزشتہ برس نئی دہلی میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

سکیش چندر شیکھر پر الزام ہے کہ اس نے شیوندر سنگھ اور مالویندر سنگھ نامی زیر حراست دو افراد کی بیویوں سے 200 کروڑ سے زائد رقم یہ دھوکا دے کر وصول کی تھی۔ اس نے ان خواتین کو یہ باور کرایا تھا کہ وہ ان کے شوہروں کو آزاد کراسکتا ہے۔

اس حوالے سے سکیش کبھی خود کو وزیر اعظم کے دفتر اور کبھی وزارت داخلہ سے وابستہ افسر ظاہر کرتا تھا جب کہ اس معاملے میں نئی دہلی کی تہاڑ جیل کے کئی افسران بھی ملوث تھے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تحقیقات کے دوران بھارتی شہر چنئی میں پرتعیش گھر کو ضبط کرلیا تھا۔ اس کے علاوہ ادارے نے گھر پر موجود 82.5 لاکھ روپے نقد ، 2 کلو سونا اور 12 سے زیادہ لگژری کاریں بھی اپنی تحویل میں لے لی تھیں۔

سکیش چندر شیکھر نے حراست کے دوران اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ (جیکولین فرنانڈس ) کو کروڑوں روپے مالیت کے پالتو جانور اور قیمتی اشیا تحفے میں دی ہیں۔

بیان کی روشنی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED ) اداکارہ کے سات کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ضبط کرچکی ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا موقف ہے کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ جیکولین جانتی تھیں کہ سکیش کیا کرتا ہے اور اسے مہنگے تحفے دینے کے لئے رقم کہاں سے حاصل کی گئی ہے۔