60

سدھو موسے والا قتل کیس: گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھانجا آذربائیجان سے گرفتار

باکو: آنجہانی بھارتی گلوکار سدھو موسے والا  کے  قتل کے معاملے میں ملوث قاتلوں کو  گرفتار کرنے کیلئے بیرون ملک کارروائی شروع کر دی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیرون ملک مقیم بشنوئی گینگ کے سربراہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھانجے سچن بشنوئی کو آذربائیجان سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سے تحقیقاتی ایجنسی سچن بشنوئی کی تلاش میں تھی۔

تفتیشی ایجنسیز کا دعویٰ ہے کہ سچن نے سدھو موسے والا کے قتل میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ کئی  ایجنسیز سچن کو قتل کا ماسٹر مائنڈ بھی قرار دیتی ہے۔

اس سے قبل  بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ سچن کے دوست سندیپ عرف کیکڑا نے سچن کے کہنے پر ہی سدھو موسی والا کی ریکی کی تھی، قتل کے دن سندیپ سدھو موسی والا کا مداح بن کر ان کے گھر پہنچا موسےوالا کے ساتھ  سیلفی لی تھی اور کافی دیر تک وہاں موجود رہا۔

تاہم  جیسے ہی سدھو موسے والا  روانہ ہونے کے لئے گھر سے باہر آئے تو سندیپ  نے ان کی روانگی کی تمام معلومات حملہ آوروں کو دی، جس کے بعد شوٹرز نے سدھو موسے والا کو گھیرے میں لینے کا منصوبہ بنایا اور موقع ملتے ہی فائرنگ کر دی۔

یاد رہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ کینیڈا میں بیٹھا گولڈی برار بتایا جاتا ہے۔ گولڈی بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا قریبی ہے، جو اس وقت جیل میں قید ہےاور گلوکار کے قتل کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔