ممبئی: مشہورِزمانہ فلم ’کے جی ایف‘ کے اداکار ہریش رائے کا کہنا ہے کہ انہوں نے گلے کا کینسر چھپانے کےلیے فلم میں داڑھی رکھی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کناڈا فلموں کے اداکار ہریش رائے نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ گلے کے کینسر میں مبتلا تھے، جس سے پیدا ہونے والی سوجن چھپانے کے لیے میں داڑھی رکھی تھی۔
اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ انہیں سرجری کروانے میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے اب ان کی حالت بدتر ہوگئی ہے۔
کناڈا اداکار نے بھارتی میڈیا کو دیئے انٹرویو کے دوران اپنی بیماری سے متعلق کھل کر بات کی اور کہا کہ قسمت سے فرار ممکن نہیں، حالات آپ کو عطا کرتے ہیں یا پھر چیزیں آپ سے دور لے جاتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ وہ پچھلے 3 سال سے کینسر میں مبتلا ہیں ،کینسر کی سرجری میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ شروع میں میرے پاس ناکافی رقم تھی اور اب تو حالات مزید خراب ہورہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی سرجری صرف اس لیے روک دی تھی کہ میرے پاس پہلے پیسے نہیں تھے، میں نے فلموں کی ریلیز کا انتظار کیا، اب مرض چوتھے مرحلے میں داخل ہوگیا تو حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں۔
ہریش نے بتایا کہ میں نے مداحوں اور فلم صنعت سے وابستہ لوگوں سے مدد مانگنے کےلیے ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی تھی لیکن میں اُسے پوسٹ کرنے کی ہمت نہ کرسکا۔
یاد رہے کہ فلم’ کے جی ایف چیپٹر 2‘ بھارتی فلم تاریخ کی سب سے کامیاب ہے، جس نے باکس آفس پر 1200 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا اور دنیا بھر میں اس فلم کو بےحد پسند کیا گیا۔
پرشانت نیل کی اس فلم کے دونوں حصوں میں کناڈا اداکار ہریش رائے نے قاسم چاچا کا کردار نبھایا تھا تاہم اب وہ کینسر کے باعث مدد کے طلب گار ہیں ۔