واشنگٹن۔کھیلوں کی تاریخ کے بدترین جنسی اسکینڈل میں ملوث امریکی ڈاکٹر کو نشان عبرت بنادیا گیا۔ اولمپینز سمیت ڈیڑھ سو سے زائد لڑکیوں کے جنسی استحصال پر لیری نصر کو 175 سال کی سزا سنادی گئی۔ڈاکٹر لیری نصر مشیگن یونی ورسٹی اور یو ایس جمناسٹکس سے وابستہ تھا جہاں اولمپینز کو تربیت دی جاتی ہے۔ وہ جمناسٹک سمیت دیگر بچیوں اور نوجوان خواتین کو اس وقت بھی جنسی ہوس کا نشانہ بناتا جب انہیں زخمی حالت میں فوری مدد کی ضرورت ہوتی۔
ذرائع کے مطابق 7 روزہ سماعت میں ڈیڑھ سو متاثرہ لڑکیوں یا ان کے خاندان کے افراد پیش ہوئے، جنہوں نے لیری کی درندگی کی شرمناک داستانیں پیش کیں۔ ڈاکٹر نے دس واقعات میں اقرار جرم کیا۔مجرم کے متاثرین سے اظہار ندامت پر خاتون جج نے کہا کہ یہ اس لیے ہے کہ تم پکڑے گئے۔ تم ان خواتین کی حرمت اور لڑکپن نہیں لوٹا سکتے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نصر کے پاس سے بچوں کی قابل اعتراض تصاویر کا ڈیٹا ملنے پر60سال سزا پہلے ہی سنائی گئی تھی۔
502