29

بھارت کی فلک بوس عمارت 12 سیکنڈ میں منہدم، ویڈیو وائرل

نئی دہلی: بھارتی حکام نے عدالتی حکم پر غیر قانونی تعمیر شدہ فلک بوس رہائشی عمارت ’نوائیڈہ ٹوئن ٹاور‘ کو لمحوں میں زمین بوس کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں واقع نوائیڈہ میں واقعہ بلند و بالا رہائشی عمارت کو عدالتی حکم پر منہدم کردیا گیا، بھارت میں غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کرنے کا یہ سب سے بڑا آپریشن تھا جو ٹی وی چینلز پر لائیو نشر کیا گیا۔

بھارتی حکام نے عمارت کو منہدم کرنے سے قبل اطراف میں موجود آبادیوں کو خالی کروایا گیا تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جائے۔

فلک بوس عمارت کو منہدم کرنے کیلئے بھارتی حکام نے 3700 کلو گرام سے زائد دھماکہ خیز مواد عمارت میں نصب کیا تھا جس کے باعث 12 سیکنڈ میں بلڈنگ زمین بوس ہوگئی۔

عمارت منہدم ہونے سے 80 ہزار ٹن سے زائد ملبہ جمع ہوا ہے جسے صاف کرنے کیلئے حکام نے تین ماہ کا وقت دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلڈر نے ’نوائیڈہ ٹوئن ٹاور‘ کی چالیس منزلیں تعمیر کا منصوبہ پیش کیا تھا لیکن عمارت مکمل ہونے سے قبل ہی عدالت نے اسے منہدم کرنے کا حکم دے دیا، انہدام کے وقت ایک ٹاور 32 منزلہ تھا جب کہ دوسرا ٹاور 29 منزلہ تھا۔