واشنگٹن: امریکا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنا نیا آئی فون 14 چین کے بجائے بھارت میں بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایپل کمپنی آئی فون 14 کو بھارت میں لانچ کرے گی، یہ اعلان چین اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔ چین نے متعدد امریکی اشیا پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ایپل نے بھارت میں سپلائرز کے ساتھ مل کر نئے آئی فون کی پیداوار کو بڑھانے اور اس کی تیاری میں پچھلے فونز کی طرح چھ سے نو ماہ کے عرصے کو کم کرنے پر کام شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل کے تائیوان میں موجود سپلائر کو چین سے اشیا کی ترسیل اور آئی فون 14 کو بھارتی شہر چنئی سے باہر اپنے پلانٹ میں اسمبل کرنے سے متعلق علم ہوا ہے۔
آئی فون 14 ایس کی پروڈکشن رواں سال اکتوبر یا نومبر میں مکمل ہونے کی توقع ہے، تاہم ابھی تک کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
کمپنی اپنی کچھ اشیا کو چین سے بھارت منتقل کر رہی ہے جو دنیا میں اسمارٹ فونز کی دوسری بڑی مارکیٹ مانی جاتی ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنی کا آئی پیڈ بھی بھارت میں بنانے کا ارادہ ہے۔
بھارت، میکسیکو اور ویتنام جیسے ممالک امریکی کمپنیوں کو اپنی طرف کھینچنے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔