280

تحفے میں ملنے والی قیمتی گھڑی نے پریانکا کو پھنسا دیا

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا بھارت کی وہ واحد اداکارہ ہیں جو 2017 میں دنیا کی سب سے زیادہ کمانے والی 10 اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہوئی تھیں۔

پریانکا چوپڑا نے گزشتہ برس دسمبر کے آخر میں بھارت میں ہونے والے ’ذے سینے ایوارڈ‘ میں صرف 5 منٹ ڈانس کرنے کے 5 کروڑ روپے بھی وصول کیے تھے۔

تاہم اب ان کی ایک 40 لاکھ روپے کی گھڑی ان کے لیے بدنامی کا باعث بنی ہے۔

خبریں ہیں کہ پریانکا چوپڑا کو تحفے میں ملنے والی 40 لاکھ روپے کی گھڑی اور 27 لاکھ روپے کی کار پرانہیں ٹیکس حکام نے نوٹس دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ان قیمتی چیزوں کی ٹیکس ادا نہیں کی۔

اداکارہ نے ٹیکس حکام کو کہا ہے کہ انہوں نے یہ قیمتی چیزیں اپنی کمائی سے نہیں خریدیں، بلکہ انہیں تحفے میں ملی ہیں، جس وجہ سے انہوں نے ان کی ٹیکس ادا نہیں کی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 40 لاکھ روپے کی گھڑی اور 27 لاکھ روپے کی کاررکھنے کی ٹیکس ادا نہ کیے جانے پر ٹیکس حکام نے اداکارہ کو رواں ماہ 16 جنوری کو نوٹس بھیجا۔

خبر کے مطابق بات صرف پریانکا چوپڑا کی 40 لاکھ روپے کی گھڑی اور 27 لاکھ روپے کی کار تک محدود نہیں، بلکہ ٹیکس حکام اداکارہ کی گزشتہ 4 سال کی کمائی اور ان کے ٹیکس گوشواروں کی بھی پڑتال کر رہے ہیں۔

بھارت کے ’دی انکم ٹیکس اپیلیٹ ٹربیونل‘ (آئی ٹی اے ٹی) کے قوانین کے مطابق 40 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی اور 27 لاکھ روپے مالیت کی کار ٹیکس نیٹ میں شامل ہوتے ہیں، اس لیے ان کی ٹیکس نہ ادا کرنا قانونا جرم ہے۔

ٹیکس حکام نے اداکارہ کو آئی ٹی اے ٹی کے سیکشن 28 (4) کے تحت نوٹس جاری کیا، یہ سیکشن کاروبار، منافع، نقد رقم یا بھاری مالیت کے سامان پر ٹیکس سے متعلق ہے۔

ٹیکس حکام نے اداکارہ سے قیمتی گھڑی اور گاڑی کی ٹیکس جمع نہ کرانے کی وجوہات جاننے سمیت ان سے اپنی کمائی کی تفصیلات بھی طلب کیں۔

خبر کے مطابق اداکارہ نے 40 لاکھ روپے کی گھڑی سے متعلق حکام کو جواب دیا کہ انہیں وہ کمپنی کی جانب سے تحفے میں دی گئی، کمپنی نے ان کے کام سے متاثر ہوکر انہیں پیار میں یہ تحفہ دیا۔

اداکارہ کے مطابق انہیں سوئٹزرلینڈ کی گھڑی ساز کمپنی ’ٹگ ہویر‘ نے ’ایل وی ایم ایچ ٹگ‘ گھڑی تحفے میں دی۔

خبر کے مطابق اداکارہ نے اس کمپنی کے ساتھ تشہیر کا معاہدہ کیا تھا، جس میں اداکارہ کو ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی کمائی بھی ہوئی تھی۔

معاہدے کی قیمت کے علاوہ کمپنی نے انہیں 40 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی بھی دی۔

علاوہ ازیں اداکارہ پر27 لاکھ روپے مالیت کی کار ’ٹویوٹا پریوس‘ کا ٹیکس بھی ادا نہ کرنے کا الزام ہے۔

خبر کے مطابق پریانکا چوپڑا کو فلموں کی شوٹنگ کے دوران ’ریڈ چلی انٹرٹیمنٹ‘ کی جانب سے 17 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے زیورات ملنے سے متعلق بھی ٹیکس حکام کی تفتیش جاری ہے۔