راولپنڈی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا کار سوار شخص ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا، مقتول تحریک انصاف کا سرگرم سیاسی رکن تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے علاقے سکستھ روڈ پر پیش آیا، جس کی زد میں آکر ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت ذوالفقار ستی کے نام سے ہوئی جو تحریک انصاف کا سرگرم سیاسی کارکن تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ذولفقار کو ٹانگوں پر گولیاں ماری ہیں، خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے زخمی ذوالفقار جان کی بازی ہار گیا جب کہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش کو بے نظیر اسپتال سے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جہاں نعش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔