140

سعودی وزارت تعلیم نے نئی تعلیمی گائیڈ جاری کردی

سعودی وزارت تعلیم نے نئی تعلیمی گائیڈ جاری کرتے ہوئے پرائمری اور مڈل اسکولوں کے نصاب میں اسلامک اسٹڈیز اور قرآن پاک کو ایک ہی مضمون کا حصہ بنادیا ہے۔

سعودی اخبار کے مطابق وزارت تعلیم نے گزشتہ تعلیمی سال کی تعلیمی اسکیموں کی گائیڈ کو معطل کرکے سال رواں کے حوالے سے نئی گائیڈ جاری کی ہے اور اس پر عمل درآمد کی ہدایت دی ہے۔

وزارت تعلیم نے اس حوالے سے تمام سرکاری اسکولوں، نرسری، حفظ قرآن اور معذوروں کے اسکولوں، تعلیم بالغاں، سائنس انسٹی ٹیوٹس، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے دارالحدیث اسکولوں اور انٹرنیشنل اسکولوں میں قومی تعارف پروگراموں کے ذمے داران کو ہدایت جاری کی ہیں۔

وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ نئی گائیڈ بک تعلیمی اسکیموں کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے منصوبے کا دوسرا مرحلہ ہے اور اس میں اسلامک سٹڈیز اور قرآن کریم کو ایک ہی مضمون کا حصہ بنادیا گیا ہے۔ اسے پرائمری اور مڈل سکولوں میں قرآن کریم اور اسلامک سٹڈیز مضمون کے نام سے پڑھایا جا رہا ہے۔

مڈل سکولوں میں اس کی ہفتہ وارکلاسوں کی مجموعی تعداد 34 سے کم کرکے 15 کردی گئی ہے جبکہ پرائمری سکول میں اس کی ہفتہ وار کلاسوں کی تعداد 38 سے کم کرکے 30 کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں مالیاتی امور کا ایک مضمون بھی پڑھایا جارہا ہے۔