211

گجرات میں 14 سالہ گھریلو ملازمہ کے ریپ کا ملزم گرفتاراور اہلیہ فرار

کڑیانوالہ: پولیس نے 14 سالہ گھر یلو ملازمہ کے متعدد مرتبہ ریپ  کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کی بیوی کی تلاش جاری ہے۔  

پولیس نے بتایا کہ چک نمبر 466 میں ابرار نامی شخص کے گھراس کے پڑوس میں رہائش پذیر 14 سالہ ملازمہ کام کرتی تھی جسے ملزم نے مبینہ طور پر متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس فعل میں ملزم کی اہلیہ بھی شریک جرم ہے۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی اب 7 ماہ کی حاملہ ہے جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج اسے گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کی بیوی روپوش ہے۔

دوسری جانب کھریاں والا میں تین دیگر خواتین کو بھی گھناؤنے جرم کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم عبدالرمیز نے سندھو ٹاؤن، ڈی ٹائپ کالونی میں ایک خاتون کے گھر گھس کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر بندوق کی نوک پر اس کے ساتھ زیادتی کی۔

پولیس نے کہا ملزم نے فحش ویڈیوز بھی بنائی تھی اور اسی کی بنیاد پر اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے متاثرہ خاتون کو مبینہ طور پر متنبہ کیا کہ اگر اس نے عصمت دری کے واقعے کے بارے میں کسی کو بتایا تو وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دے گا۔

پولیس نے پی پی سی کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔