467

پشاور میں موٹر سائیکل سوار رہزن گروہ سرگرم

پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاورمیں موٹر سائیکل سوار رہزن گروہ سرگرم ہوگیاہے،تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں طالب علم اورتھانہ کوتوالی کی حدود میں تاجر موٹر سائیکل سوار رہزنوں کے ہاتھوں دن دیہاڑے لٹ گئے، یکے بعد دیگرے وا رداتوں کے دوران شہریوں سے قیمتی موبائل فونز اورہزاروں کی نقدی لوٹنے میں ملوث گروہ کا تاحال کوئی سراغ نہ لگایا جاسکا۔

گزشتہ روز پہاڑی پورہ کے علاقہ میں پیر زکوڑی پل کے قریب عبدالرحمان سکنہ ارباب روڈجو کہ مقامی کالج کا طالب علم ہے گھر جارہا تھا اس دوران راستے میں بغیر نمبر پلیٹ لگی موٹر سائیکل پر سوار دونامعلوم مسلح رہزنوں نے اسے گھیر لیا اورلوٹ مارکرتے ہوئے اس سے قیمتی موبائل فون اورنقدی چھین لی ۔

ا سی طرح کوتوالی کے علاقہ لاہوری چوک میں بھی جہانزیب نامی صراف کو موٹر سائیکل سوار رہزنوں نے لوٹتے ہوئے قیمتی موبائل اورنقدی سے محروم کردیا پولیس نے واقعات کی رپورٹ در ج کرلی ہیں مگر تاحال ملزمان کے خلاف کسی قسم کی کاورائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔