43

ایپل کو اینڈرائیڈ کے کونسے فیچر کو اپنانے کا کہا جارہا ہے؟

گوگل کی جانب سے کئی برس سے ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس کی جگہ نئے میسجنگ پروٹوکول آر سی ایس کو لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مگر ایپل کی جانب سے اس نئی میسجنگ سروس کو اپنانے سے گریز کیا جارہا ہے اور اسی وجہ سے گوگل نے ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے۔

گوگل کی جانب سے گیٹ دی میسج نامی ویب سائٹ کو تیار کیا گیا ہے جس میں ایپل پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آئی فونز میں کراس پلیٹ فارم میسجنگ کے لیے آر سی ایس اسٹینڈرڈ کو سپورٹ کرے۔

ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی فونز اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے درمیان میسجنگ کا عمل بہتر کیا جائے جبکہ گیٹ دی میسج ہیش ٹیگ کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

ابھی اگر اینڈرائیڈ صارف کی جانب میسج بھیجا جائے تو آئی فون کی میسجز ایپ میں وہ گرین ببل میں نظر آتا ہے، جبکہ 2 آئی فونز کے درمیان یہ ایپ میسجز کے لیے ایپل کی آئی میسج سروس کو استعمال کرتی ہے جس میں تمام جدید فیچرز موجود ہیں۔

البتہ اینڈرائیڈ سے آنے والے میسج آئی فون میں پرانے ایس ایم ایس اسٹینڈرڈ میں ظاہر ہوتے ہیں اور نئے فیچرز کا استعمال ممکن نہیں۔

اسی مسئلے کو مدنظررکھتے ہوئے گوگل کی جانب سے کئی ماہ سے ایپل پر زور دیا جارہا ہے کہ وہ آر سی ایس کو سپورٹ کرے، جس میں آئی میسج کے بیشتر فیچرز موجود ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اسے توقع ہے کہ ہر موبائل آپریٹنگ سسٹم کو آر سی ایس سے اپ گریڈ کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے کئی برسوں سے آر سی ایس کو متعارف کرانے کی کوشش کی جارہی تھی مگر یہ سلسلہ سست روی کا شکار رہا۔

البتہ گوگل نے 2019 میں آر سی ایس کا انتظام خود سنبھال لیا جس کے بعد سے یہ دنیا کے اکثر حصوں میں دستیاب ہے جسے گوگل میسجز ایپ کے ذریعے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ ون آن ون چیٹ کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ سروس ہے اور 2022 کے آخر میں گروپ چیٹس کے لیے بھی یہ سہولت فراہم کردی جائے گی۔