سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس میں اکرام اللہ نامی ایک صارف کی جانب سے مولانا طارق جمیل کے حالیہ سیاسی بیان کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں تبلیغی جماعت کی شوریٰ سے نکال دیا گیا ہے۔
صارف نے لکھا تھا کہ مولانا طارق جمیل کو تبلیغی جماعت کی شوریٰ سے نکال دیا گیا ہے اور موصوف پر تبلیغی جماعت کے اجتماعات میں ہر قسم کے درس و بیان پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
صارف کے مطابق تبلیغی جماعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے کسی بھی فعل اور قول کو تبلیغی جماعت کے ساتھ نہ جوڑا جائے، کیوں کہ انہیں تبلیغی جماعت سے خارج کر دیا گیا ہے۔
اس پوسٹ پر اداکار منیب بٹ نے پاکستانی معروف اسلامک اسکالر مولانا طارق جمیل سے اظہارِ عقیدت کرتے ہوئے ردعمل دیا ، انہوں نے کہا کہ ’مولانا مسلمانوں کے دل میں ہیں، تبلیغی جماعت سے تو نکال دیا، دل سے کیسے نکالیں گے‘۔
یاد رہے کہ حال ہی میں مولانا طارق جمیل نے ایک نجی میڈیا چینل پر انٹرویو کے دوران سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ’امریکی سازش‘ کے بیانیے کو سچ قرار دیتے ہوئے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔
واضح رہے کہ تاحال مولانا طارق جمیل کی جانب سے تبلیغی جماعت کی شوریٰ سے نکالے جانے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ۔