40

تھائی لینڈ؛ نائٹ کلب میں آتشزدگی سے 13 افراد ہلاک

تھائی لینڈ کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے جنوب مشرقی صوبے میں واقع نائٹ کلب میں جمعہ کے روز آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کلب کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں لیکن تب تک دیر ہوچکی تھی، ریسکیواہلکاروں نے آگ سے جھلسنے والے افراد کو کلب سے نکالا اور فوری اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ بیشتر افراد کلب میں مچنے والی بھگدڑ کی وجہ سے پھنسے اور ان کے کپڑوں نے آگ پکڑلی جس سے وہ بری طرح جھلس گئے۔

ریسکیو حکام کا بتانا ہےکہ نائٹ کلب کی دیواروں پر لگے میٹریل کی وجہ سے آگ نے شدت اختیارکی کیونکہ یہ میٹریل فوری طور پر آگ پکڑتا ہے۔

ریسکیو کے مطابق فائر فائٹرز نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جس کے بعد لاشوں کو کلب سے نکالا گیا جن میں 4 خواتین اور 9 مرد شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کاکہنا ہےکہ زیادہ تر افراد کی موت کی وجہ دم گھٹنے کی وجہ سے ہوسکتی ہے کیونکہ آگ لگنے کے بعد انہوں نے خود کو باتھ روم میں بند کرلیا تھا جب کہ مرنے والے تمام افراد تھائی نیشنل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی جس نے دیواروں پر لگے میٹریل کی وجہ سے شدت اختیار کی۔