108

کراچی؛ گلشن اقبال میں گھر سے نوجوان لڑکی کی لاش برآمد

کراچی: گلشن اقبال میں گھر کے اندر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے۔

اتوار کی شب گلشن اقبال بلاک 6 میں گھر کے اندر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے۔ مرنے والی لڑکی کی شناخت زینب دختر علی محمد کے نام سے کی گئی، جس کی عمر تقریباً 22 برس تھی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہو اہے کہ لڑکی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر جراثیم کش دوا کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ ، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا جس کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ۔

اُدھر منگھوپیر میں نورانی ہوٹل کے قریب پانی کے جوہڑ سے ایک شخص کی لاش ملی۔  ریسکیو حکام کے مطابق کرش پلانٹ کے قریب پانی کے جوہڑ سے ملنے والی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ مرنے والے کی ناک سے خون بہہ رہا تھا۔ فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا ۔

پولیس حکام کے مطابق مرنے والے کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے، تاہم متوفی کی عمر 30 سے 35 برس کے درمیان معلوم ہوتی ہے ۔