ٹوئٹر نے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کی ہے جس کا مقصد صارفین کو یہ جاننے میں مدد فراہم کرنا ہے کہ وہ ایک ماہ میں کتنے ٹوئٹس کرتے ہیں۔
یہ فیچر ٹوئٹر کے کچھ صارفین کو دستیاب ہے اور انہوں نے اس کے بارے میں ٹوئٹس پر بتایا۔
اگر کوئی صارف ہر ماہ ہزاروں ٹوئٹس کرتا ہے تو آپ اس کی پروفائل پر جاکر یہ جان سکیں گے۔
ٹوئٹر نے فیچر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس تجربے کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ اگر کسی فرد کو معلوم ہو کہ کوئی اکاؤنٹ کتنے ٹوئٹ کرتا ہے تو وہ اس کو فالو کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ ایک سروے کے مطابق ٹوئٹر کے 10 فیصد صارفین 80 فیصد ٹوئٹس کرتے ہیں جبکہ ایک عام صارف اوسطاً ہر ماہ 2 ٹوئٹ کرتا ہے۔
اس سے قبل حال ہی میں ٹوئٹر میں ایک نئے ملٹی میڈیا فیچر کی آزمائش بھی شروع کی گئی تھی۔
اس فیچر سے صارفین تصاویر، ویڈیوز اور جی آئی ایف ایک ملٹی میڈیا ٹوئٹ میں پوسٹ کرسکیں گے۔
ابھی صارفین ایک ٹوئٹ پر فوٹو پوسٹ کرسکتے ہیں یا صرف ویڈیو ، دونوں کو ایک ساتھ پوسٹ کرنا ممکن نہیں۔
یہ نیا فیچر اس وقت چند افراد کو دستیاب ہے اور آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس سے قبل ٹوئٹر میں ایک اور نئے اسٹیٹس فیچر کی آزمائش بھی شروع ہوئی تھی۔
یہ فیچر امریکا اور آسٹریلیا میں محدود صارفین کو دستیاب ہے اور وہ ٹوئٹس سے قبل مختلف لیبلز کو استعمال کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کے اسکرین شاٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے متعدد اسٹیٹس ڈیزائن کیے گئے ہیں جو ایموجیز کی جگہ لے سکیں گے۔