61

انسانی جسم کو مفلوج کرنے والا سانپ دریافت

سِچوان: چین میں سانپ کی ایک نئی قسم دریافت ہوئی ہے جسے کاٹنے سے انسانی جسم میں پھیلنے والا زہر انسان کو مفلوج کر سکتا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق گلوئیڈیس لیٹرلِس نامی یہ سانپ چین کے سِچوان صوبے میں موجود جیوژائگو نیشنل نیچر ریزرو نامی ورلڈ ہیریٹیج سائٹ کی ژارو وادی میں دریافت ہوا۔

محققین کا کہنا ہے کہ ان سانپوں کی غذا چھوٹے ممالیے جیسے کہ چوہے پر مشتمل ہوتی ہے اور یہ موسمِ گرما میں فعال ہوتے ہیں۔

سانپ کی اس قسم کا جسم 18 اِنچ لمبا ہوتا ہے، اس کی آنکھیں بڑی ہوتی ہیں اور اس کا رنگ گدلا سبز یا کتھئی ہوتا ہے۔ اس کی جِلد پر گہرے کتھئی رنگ کی چار آڑھی ترچھی لکیریں ہوتی ہیں۔

یہ سرمئی-بھوری پٹیاں سانپ کے سر سے دم تک جاتی ہیں جس کی وجہ سے اس کا نام ’لیٹرلِس‘ رکھا گیا ہے (انگریزی لفظ lateral کا مطلب خط ہوتا ہے)۔

اس سانپ کو دریافت کرنے والی ٹیم کے ایک رکن ڈاکٹر شینگچاؤ شی کا کہنا تھا کہ یہ سانپ زہریلا ہے اور اس نسل کے سارے سانپ زہریلے ہوتے ہیں۔ اس کا کاٹنا معمولی نہیں بلکہ انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے اور وقت پر علاج نہ ہونے پر ممکنہ طور پر انسان کا جسم مفلوج ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سانپوں میں خون کا زہر ہوتا ہے جو سوجن کا سبب بن سکتا ہے لیکن اکثر اوقات یہ مہلک نہیں ہوتے۔