259

چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے فیس بک کو پیچھے چھوڑ دیا

سماجی رابطوں کی چینی ویب سائٹ ’’ٹین سینٹ‘‘ نے دنیا کی مقبول ترین سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کو مات دے دی۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ٹین سینٹ نے مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے فیس بک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

منگل کو ہانگ کانگ میں ٹین سینٹ کے شیئرز کی قدر میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد چین کی اس سوشل اور گیمنگ ویب سائٹ کی مجموعی قدر 522 ارب ڈالر تک جاپہنچی جب کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق فیس بک کی مجموعی مالیت اس وقت 519 ارب ڈالر ہے۔

ٹین سینٹ چین میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ویب سائٹ ہے اور اس کا موبائل میسنجر وی چیٹ چینی عوام میں خاصہ مقبول ہے، رواں برس ٹین سینٹ کے شیئرز کی قدر میں دوگنا سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے اور سرمایہ کار اس پر بڑے پیمانے پر پیسہ لگارہے ہیں۔

مالیت کے اعتبار سے چاہے ٹین سینٹ نے فیس بک کو پیچھے چھوڑ دیا ہو لیکن فیس بک اب بھی دنیا کی مقبول ترین سوشل سائٹ ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 2 ارب کے قریب ہے جبکہ ٹین سینٹ صرف چین میں ہی مقبول ہے اور اس کے صارفین کی تعداد ایک ارب کے قریب ہے۔

ٹین سینٹ کی چین میں کامیابی کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ وہاں حکومت نے فیس بک اور ٹوئیٹر وغیرہ کو بلاک کررکھا ہے۔

مارکیٹ ویلیو کے حساب سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ایپل ہے جس کی مالیت 873 ارب ڈالر کے قریب ہے۔