نسٹاگرام کے سربراہ نے کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایپ میں ویڈیو کو ترجیح دیے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب انسٹاگرام میں سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون کائیلی جینر کی جانب سے میٹا کی زیرملکیت ایپ کو ٹک ٹاک جیسا بنانے پر تنقید کی گئی تھی۔
انسٹاگرام کے سربراہ نے ایک ٹوئٹ میں ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایپ کو فوٹوز سے ویڈیو پر تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ 'میرا ماننا ہے کہ انسٹاگرام وقت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ویڈیو مواد پر مشتمل ایپ بن جائے گی'۔
انہوں نے کہا کہ ایپ میں فوٹوز کے لیے سپورٹ برقرار رہے گی مگر صارفین کا رویہ بدل رہا ہے جن کی جانب سے ویڈیوز کو دیکھنے اور شیئر کرنے کا سلسلہ بڑھ گیا ہے اور ہمیں اس تبدیلی کے آگے سر جھکانا ہوگا۔
خیال رہے کہ کائیلی جینر نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک اور صارف کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام کو دوبارہ پہلے جیسی ایپ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس پوسٹ میں لکھا تھا 'انسٹاگرام کو پھر انسٹاگرام بنایا جائے، ٹک ٹاک جیسا بننے کی کوشش نہ کی جائے، ہم بس اپنے دوستوں کی اچھی تصاویر چاہتے ہیں۔
کائیلی جینر کی بہن کم کارڈیشین نے بھی یہی پوسٹ شیئر کی جسے لاکھوں افراد نے لائیک کیا۔
انسٹاگرام ایپ حالیہ مہینوں میں بہت تیزی سے تبدیل ہوئی ہے کیونکہ کمپنی کی جانب سے ٹک ٹاک کے مقابلے کے لیے ریلز پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔
یہاں تک کہ انسٹاگرام پر تمام ویڈیوز کو اب براہ راست ریلز کا حصہ بنایا جارہا ہے۔