59

یمن میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 4 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

صنعا: یمن میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ زدہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں بارشوں اور سیلاب سے ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ مسلسل ہونے والی بارشوں میں سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں۔ نالے ابل پڑے اور ڈیم سے پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ ریلے میں ایک گاڑی بھی بہہ گئی جس میں سوار 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مجموعی طور پر مختلف حادثات میں ہونے والی اموات کی تعداد 10 تک جا پہنچی۔

اسی طرح ایک تین منزلہ عمارت کے منہدم ہونے سے اہل خانہ ملبے تلے دب گئے جس میں 3 بچے موت کی بازی ہار گئے۔ اسپتالوں اور میونسپل اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور متاثرہ افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ ابھی چند روز جاری رہے گا لہذا بلدیاتی ادارے چوکس رہیں اور شہری بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں۔