کلکتہ: بالی ووڈ کے معروف اداکار متھن چکروتی نے انکشاف کیا ہے کہ فلممی کیریئر کے دوران کئی بار ناکامیوں کا سامنا رہا یہاں تک کہ میں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے تک کا بھی سوچا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے 80 اور 90 کی دہائی کے مقبول ترین ایکشن اور رومانوی ہیرو متھن چکرورتی نے اپنے فلمی زندگی کے کئی رازوں سے پردہ اُٹھایا۔
فلمی کیریئر کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے متعلق سوال کے جواب میں 1982 کی کامیاب ترین فلم ڈسکو ڈانسر کے گانے ’’آئی ایم اے ڈسکو ڈانسر‘‘ کے گانے سے مقبولیت کے عروج کو چھونے والے متھن چکروتی نے کہا کہ میں عمومی طور پر ان مشکلات کا زکر نہیں کرتا لیکن ایسا بھی ہوا کہ اپنے اہداف حاصل نہ کرپانے اور مسلسل ناکامیوں پر میں نے کئی بار خودکشی کرنے کا سوچا تھا۔
متھن چکروتی نے مزید کہا کہ اپنی ناکامیوں پر ہمت ہارنے کے بجائے حوصلہ بنائے رکھنا چاہیئے اور ڈٹ کر حالات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ زندگی میں آنے والی مشکلات کامیابی کا زینہ ہوتی ہیں۔
متھن چکروتی جو اس وقت اپنی ایک بنگالی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں نے کہا کہ تقریباً 50 سال ہونے کو آ رہے ہیں اور اب تک 370 فلمیں کرچکا ہوں لیکن اب بھی کسی بھی فلم کی شوٹنگ کے پہلے روز گھبراہٹ کا شکار ہوتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے مزید کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کافی تبدیلیاں آگئی ہیں۔ اخلاقی اقدار ختم ہوتی جارہی ہیں۔ جس کی ایک وجہ سوشل میڈیا بھی ہے۔ انٹرنیٹ کے بیش بہا فائدے ہیں اس سے انکار نہیں لیکن سوشل میڈیا کا منفی استعمال زیادہ کیا جا رہا ہے۔