معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے ترکیہ میں اپنی گرفتاری سے متعلق خبروں کے بعد ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے میڈیا پر چلنے والی جھوٹی خبروں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ٹک ٹاکر نے یوٹیوب چینل پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر بلال شاہ کے ہمراہ بیٹھی ہیں، حریم شاہ نے گرفتاری کی جھوٹی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بارے میں ہمیشہ غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔ حریم شاہ نے کہا کہ میں اپنے حوالے سے گردش کرتی تمام افواہوں کی تردید کرتی ہوں، اس سے قبل فیک خبر آئی تھی کہ مجھے قطر سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے، میں اس وقت خاموش رہی کیونکہ اس قسم کی خبروں پر میں کیا ردعمل دوں، لوگ پتہ نہیں کیوں ہر دوسرے دن میرے بارے میں غلط خبر پھیلا دیتے ہیں۔ ٹک ٹاکر نے بتایا کہ وہ پاکستان سے باہر رہائش پذیر ہیں اور ایسی جھوٹی خبروں یا ان مسائل کے لیے پاکستان نہیں آسکتیں تاہم وہاں ان کا قانونی ترجمان منیر احمد موجود ہے جو ان کے تمام معاملات دیکھ رہا ہے۔ حریم شاہ اور بلال نے پاکستانی صحافیوں سے اپیل کی کہ ان سے متعلق غیر مصدقہ خبروں کو نہ پھیلائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ حریم شاہ کو ترکیہ سے خلیجی ملک عمان جانے سے قبل ائیرپورٹ پر بھاری سونے اور غیر ملکی کرنسی ہونے کی وجہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے، بعدازاں ٹک ٹاکر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کی اور اب انہوں نے ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
49