99

مس یونیورس کا تاج افریقی حسینہ کے سر سج گیا

اٹلانٹا: گزشتہ روز امریکا میں منعقدہ 68 ویں مس یونیورس مقابلے کے فائنل میں جنوبی افریقہ کی 26 سالہ سیاہ فام حسینہ زوزیبینی تنزی فاتح قرار پائیں جبکہ مس پورٹوریکو اور مس میکسیکو بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ اس مقابلے میں دنیا بھر سے 90 حسیناؤں نے حصہ لیا جو اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی تھیں۔ سات خواتین ججز پر مشتمل پینل نے فاتح کا فیصلہ کیا۔

اپنے سر پر مس یونیورس کا تاج سجانے کے بعد زوزیبینی تنزی نے جذباتی تقریر کرتے ہوئے کہا، ’’میں ایک ایسی دنیا میں پیدا ہوئی جہاں مجھ جیسی دکھائی دینے والی، مجھ جیسی جلد اور میرے جیسے بالوں والی عورت کو کبھی خوبصورت نہیں سمجھا جاتا تھا۔ میرا خیال ہے آج یہ سوچ غلط ثابت ہوچکی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ زوزیبینی تنزی سے پہلے پانچ سیاہ فام خواتین مس یونیورس مقابلہ جیت چکی ہیں۔ 1977 میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی جینیل کومیسیونگ وہ پہلی سیاہ فام خاتون تھیں جنہوں نے مس یونیورس کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ زوزیبینی سے پہلے 2011 میں انگولا کی لیلا لوپیز نے مس یونیورس کا مقابلہ جیتا تھا۔