105

دنیا کے سستے ترین 5 جی فونز متعارف

ہواوے کی ذیلی کمپنی آنر نے اب تک سب سے سستے فائیو جی اسمارٹ فونز وی 30 اور وی 30 پرو متعارف کرادیئے ہیں۔ منگل کو بیجنگ میں ایک ایونٹ کے دوران آنر نے اپنے پہلے 5 جی فونز کو پیش کیا جس میں کیرین 990 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 5 کیمرے موجود ہیں۔

آنر وی 30 اور وی 30 پرو (عالمی سطح پر ویو 30 کا نام دیا جاسکتا ہے) میں 6.57 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دیئے گئے ہیں، دونوں میں 5 جی سپورٹ کے لیے ہواوے کا بالونگ 5000 موڈیم موجود ہے۔ دونوں فونز کے بیک پر 3 جبکہ فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ آنر

وی 30 اور وی 30 پرو میں 40 میگا پکسل میں کیمرا ڈوئل او آئی ایس اور لیزر اے ایف کے ساتھ دیا گیا ہے، تاہم پرو ورژن میں زیادہ تیز ایف 1.6 لینس دیا گیا ہے جبکہ وی 30 میں ایف 1.8 آپٹکس ہے۔

اسی طرح 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا کیمرا 3 ایکس آپٹٰکل زوم کے ساتھ دیا گیا ہے، جبکہ تیسرا کیمرا الٹرا وائیڈ اینگل کے ساتھ ہے تاہم دونوں فونز میں یہ مختلف ہے۔ وی 30 میں 8 میگا پکسل جبکہ وی 30 پرو میں 12 میگا پکسل سنسر دیا گیا ہے۔

فرنٹ پر پنچ ہول ڈیزائن میں 32 میگا پکسل مین سیلفی کیمرا سپرناٹ موڈ سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ دوسرا 8 میگا پکسل الٹراوائیڈ کیمرا ہے۔ دونوں میں اینڈرائیڈ 10 کا امتزاج کمپنی نے اپنے میجگ یو آی 3.0.1 آپریٹنگ سسٹم سے کیا گیا جبکہ گیمنگ کے لیے جی پی یو ٹربو اور گیمنگ پلس 2.0 موجود ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس میں گوگل ایپس یا سروسز موجود ہیں یا نہیں۔

وی 30 میں 4200 ایم اے ایچ جبکہ پرو ورژن میں 4100 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جبکہ دونوں میں 40 واٹ الٹرا فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے مگر وی 30 پرو میں 27 واٹ سپر وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی بھی دی گئی ہے۔

فوٹو بشکریہ آنر

یہ فونز فی الحال چین میں فروخت کے لیے 4 رنگوں میں پیش کیے جارہے ہیں۔ وی 30 کے 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 470 ڈالرز (72 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 525 ڈالرز (81 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

وی 30 پرو کا 8جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 555 ڈالرز (86 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 600 ڈالرز (93 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔