دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کے انجنیئرز ان دنوں ’میسنجر‘ میں ایک نیا فیچر متعارف کرانے کے لیے سرگرم ہیں۔ رپورٹس تھیں کہ فیس بک انتظامیہ ’میسنجر‘ پر سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن ’انسٹاگرام‘ جیسا فیچر متعارف کرانے کے لیے کام میں مصروف ہیں اور اب انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کردی۔
ٹیک کرنج نے فیس بک انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سوشل ویب سائٹ کے ماہرین ’انسٹاگرام‘ کے ’کلوز فرینڈ‘ جیسا فیچر ’میسنجر‘ میں متعارف کرانے میں مصروف ہیں۔
’کلوز فرینڈ‘ کا فیچر اس وقت ’انسٹاگرام‘ پر موجود ہے، جس کے تحت صارفین اپنے انتہائی قریبی دوستوں کو ایک ساتھ گروپ بنا کر مواد شیئر کر سکتا ہے۔ اس فیچر کے تحت ایک درجن سے کم یا اس سے زائد دوستوں کو کوئی بھی صارف بیک وقت مواد بھیج سکتا ہے۔
اب اسی سے ملتا جلتا فیچر ’میسنجر‘ کے لیے بھی بنایا جا رہا ہے، تاہم انتطامیہ نے اسے ’کلوز فرینڈ‘ کے بجائے ’فیوراٹس‘ کا نام دیا ہے اور اس فیچر کے تحت صارف اپنے متعدد دوستوں کو مواد بھیجنے سمیت اپنی اسٹوریز دکھا سکے گا۔ اس فیچر کو آن کرنے پر صارف کی اسٹوری صرف ان کے قریبی دوست ہی دیکھ سکیں گے جنہیں وہ اس فہرست میں شامل کرے گا۔
اگرچہ اس سے ملتا جلتا اور ایسا ہی فیچر فیس بک پر موجود ہے، تاہم ’میسنجر‘ پر ایسا کوئی فیچر دستیاب نہیں تھا۔ فیس بک پر کوئی بھی صارف اپنی پوسٹ کو شیئر کرتے وقت اسے مختلف فیچرز کا استعمال کرتے ہوئے شیئر کر سکتا ہے۔
فیس بک پر صارف کسی بھی پوسٹ یا مواد کو شیئر کرتے وقت اسے ’عام عوام‘ سمیت ’خاص دوستوں‘ اور ’انتہائی خاص دوستوں‘ کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے اور ان فیچرز سے پوسٹ کو شیئر کرتے وقت ’پرائیویسی پالیسی‘ کے ٹول کو استعمال کرکے فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
فیس بک انتطامیہ نے آزمائشی طور پر ’میسینجر‘ پر ’فیورائٹس‘ کے فیچر کو متعارف بھی کرادیا ہے اور محدود صارفین کو اس تک رسائی دی گئی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کب تک مذکورہ فیچر کو ’میسینجر‘ میں متعارف کرایا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ آئندہ سال کے آغاز تک اسے عام کردیا جائے گا۔