عالمی شہرت یافتہ اور پاپ موسیقی کے بادشاہ کہلائے جانے والے امریکی گلوکار آنجھانی مائیکل جیکسن کی زندگی ہر کسی کے لیے اگرچہ ایک فلم کی طرح ہے۔ تاہم اب پہلی بار خبر سامنے آئی ہے کہ ان کی پرتعیش، کامیابیوں سے بھری اور انتہائی متنازع زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔
جی ہاں، خبریں ہیں کہ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی میوزیکل ڈرامہ فلم ’بوہمین ریسپوڈی‘ کے پروڈیوسر گراہم کنگ آنجھانی مائیکل جیکسن کی زندگی پر بھی فلم بنائیں گے۔ خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں متعدد امریکی شوبز ویب سائٹس کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گراہم کنگ اور مائیکل جیکسن کا کاروبار سنبھالنے والی کمپنی کے درمیان فلم بنانے سے متعلق ابتدائی معاہدہ طے پاگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ مائیکل جیکسن اسٹیٹ کی جانب سے فلم بنائے جانے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم پروڈیوسر اور گلوکار کے اہل خانہ اور کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
رپورٹ کے مطابق فلم پروڈیوسر گراہم کنگ نے مائیکل جیکسن کے میوزک سمیت دیگر چیزوں کے کاپی رائٹس رکھنے والے ان کے خاندان کے افراد اور جیکسن اسٹیٹ نامی کمپنی سے معاہدہ طے کرلیا۔
معاہدے کے مطابق فلم پروڈیوسر آنجھانی مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمی صورت میں پیش کرے گا اور ممکنہ طور پر فلم ان کی پیدائش سے لے کر موت تک بنائی جائے گی۔
اگرچہ تاحال فلم کے حوالے سے اور کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم کہا جا رہا ہے کہ فلم میں مائیکل جیکسن کی پیدائش سے لے کر میوزک کی دنیا میں ان کی آمد، میوزک کی دنیا میں بادشاہی کرنے اور پھر ان کے زوال سمیت ان کی موت تک کی کہانی کو پیش کیا جائے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں مائیکل جیکسن پر لگائے جانے والے بچوں کے ’ریپ‘ الزامات کو بھی فلم میں دکھایا جائے گا۔ تاہم اس حوالے سے فلم پروڈیوسر یا مائیکل جیکسن کی خاندان اور کمپنی کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی فوری طور پر اس بات کی تصدیق کی جا سکی ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا۔
امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ آئندہ برس شروع کی جائے گی اور فلم کو 2021 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ مائیکل جیکسن 2009 میں مبینہ طور پر حد سے زیادہ نشہ آور دوائی لینے کے بعد چل بسے تھے، تاہم ابتدائی طور پر ان کے اہل خانہ نے انہیں زہر دے کر قتل کیے جانے کے خدشات بھی ظاہر کیے تھے۔
مائیکل جیکسن کی موت ایسے وقت میں ہوئی تھی جب وہ طویل عرصے بعد میوزک کی دنیا میں واپس آئے تھے، وہ 2006 سے میوزک سے دور تھے۔
مائیکل جیکسن کو امریکا کے سب سے معروف گلوکار سمیت دنیا کے معروف ترین گلوکاروں میں سے ایک گلوکار کا رتبہ حاصل ہے، انہوں نے متعدد عالمی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے۔ مائیکل جیکسن کو متعدد عالمی میوزیکل ایوارڈ بھی ملے اور انہیں میوزک و فیشن کی دنیا کا آئیکون بھی سمجھا جاتا رہا۔
مائیکل جیکسن پر سب سے پہلے 1993 میں بچوں کے ریپ کے الزامات لگے اور انہوں نے قانونی مقدمات کا سامنا کرنے سمیت کچھ عرصہ جیل میں بھی گزارا۔ بعد ازاں ان پر بچوں سے زیادتی کے دیگر الزامات بھی لگتے رہے، تاہم انہوں نے ہمیشہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔
مائیکل جیکسن کی موت کے بعد رواں برس کے آغاز میں ان کی زندگی پر امریکی چینل ایچ بی او نے ’لیوننگ نیورلینڈ‘ نامی دستاویزی فلم جاری کی، جس میں 2 افراد نے دعویٰ کیا کہ مائیکل جیکسن نے ان کا بھی ’ریپ‘ کیا تھا۔
مذکورہ افراد کے مطابق جب وہ کم عمر تھے تب 1990 میں مائیکل جیکسن نے ان کا ریپ کیا تھا۔ ان الزامات کے بعد مائیکل جیکسن کی بیٹی نے والد پر لگائے گئے الزامات پر وضاحت کرنے یا اپنے والد کا کیس لڑنے کے بجائے خاموش رہنا پسند کیا تھا اور انہوں نے ایسے الزامات پر والد کی طرفداری نہیں کی تھی۔
مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد پر لگائے گئے الزامات پر کچھ نہیں کہنا چاہتیں۔ مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس سمیت ان کے بیٹے مائیکل جونیئر اور بلینکٹ جیکسن بھی والد پر بچوں سے ریپ الزامات پر خاموش رہتی ہیں۔