ہم میں سے اکثر لوگوں کو کھانے کے بعد یا رات کے وقت کچھ میٹھا کھانے کی طلب ہوتی ہے لیکن میٹھا کھانے کی خواہش آپ کو موٹاپے کے ساتھ دیگر بیماریوں کی طرف بھی لے جا سکتی ہے۔
ماہرین نے میٹھے کی خواہش کو کم کرنے کے چند طریقے بتائیں ہیں جو کہ درج ذیل ہیں۔
دوپہر کے وقت پھل نہ کھائیں:
آسٹریلوی ماہر خوراک جیسیکا سیپل کا کہنا ہے کہ پھل کسی چاکلیٹ یا بسکٹ کھانے سے تو بہتر ہے لیکن اگر پھل کو شام یا دوپہر کے وقت کھایا جاتا ہے تو یہ خون میں شکر کی مقدار کو بڑھاوا دیتا ہے اور اس وجہ سے انسان کو رات کے وقت میٹھے کی طلب ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے تجربے کے مطابق جو لوگ دوپہر یا شام میں اسنیک کی جگہ پھل کھاتے ہیں انہیں رات میں میٹھا کھانے کی خواہش ہوتی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پھل بہترین صحت کے لیے بے حد مفید ہیں لیکن اسے دوپہر 12 بجے کے بعد نہ کھایا جائے۔
خوراک میں روزانہ ایک چھوٹا چمچ دارچینی کا استعمال:
ماہرین خوراک کا کہنا ہے کہ تحقیق کے مطابق دار چینی کا روزانہ استعمال خون میں شکر کی مقدار کو معتدل رکھتا ہے۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہےکہ چینی میٹھا کھانے کی خواہش کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
متوازن غذا کا استعمال:
ماہرین خوراک کا کہنا ہے کہ روز مرّہ کی خوراک کا متوازن ہونا بہت ضروری ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی غذا میں پروٹین کاربوہائڈریٹس اور دیگر غذائی اجزاء ضرور شامل ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر ہماری خوراک ان تمام غذائی اجزاء سے بھرپور ہوگی تو ہم بھرپور محسوس کریں گے اور توانا بھی رہیں گے جس کی وجہ سے ہمیں میٹھا کھانے کی خواہش نہیں ہوگی۔
کھانا کھانا نہ چھوڑیں:
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے جسم کو دن بھر کام کرنے کے لیے غذا کی ضرورت ہوتی ہے اگر ہم کھانا نہیں کھائیں گے تو اس سے جسم کے اعضاء متاثر ہونے لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورا دن وقت پر کھانا کھانے سے آپ توانا اور بھرپور محسوس کریں گے۔
غیر صحت بخش اشیاء سے دور رہیں:
ماہرین خوراک جیسیکا سیپل کا کہنا ہے کہ باہر سے خریدے ہوئے پیک فوڈ کا استعمال ہرگز نہ کریں کیونکہ اس میں چینی اور چربی (فیٹ) زائد مقدار میں پائی جاتی ہے۔