سلیکان ویلی: فون سیکیورٹی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کے تحت کیمرا ایپ میں سیکیورٹی کی ایک خامی سامنے آئی ہے جسے استعمال کرتے ہوئے کوئی دور بیٹھا ہوا ہیکر آپ کے اسمارٹ فون کو کنٹرول کرسکتا ہے اور آپ کے علم میں لائے بغیر ہی آپ کی تصویریں کھینچ سکتا ہے، ویڈیوز بنا سکتا ہے، بلکہ آپ کی جگہ سے بھی باخبر ہوسکتا ہے۔
صرف اسی ایک خرابی کی وجہ سے یہاں تک ممکن ہے کہ کوئی نامعلوم ہیکر آپ کی اسمارٹ فون اسٹوریج تک پہنچ کر اس میں پہلے سے محفوظ ویڈیوز اور تصویروں تک رسائی حاصل کرلے اور ان پر قابض بھی ہوجائے۔
اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز میں اس خرابی کا سراغ چند روز پہلے موبائل سیکیورٹی فرم ’’چیک مارکس‘‘ کے ماہرین نے لگایا تھا، جس کے بارے میں فوراً یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی شیئر کرا دی گئی:
یہ خرابی گوگل پکسل اور سام سنگ اسمارٹ فونز میں استعمال ہونے والی اینڈروئیڈ کیمرا ایپس میں دیکھی گئی۔ گوگل نے اعلان کیا ہے کہ ’’پکسل‘‘ اسمارٹ فون میں سے یہ خرابی دور کردی گئی ہے جبکہ سام سنگ کی جانب سے بھی یہ مسئلہ حل کرنے کی خبریں موجود ہیں۔
کیونکہ اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز میں عام طور پر ملتی جلتی ایپس استعمال ہوتی ہیں اس لیے خدشہ ہے کہ دوسرے برانڈز کے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون میں بھی کیمرا ایپس کے ساتھ یہ مسئلہ موجود ہوگا، جو ممکنہ طور پر دنیا بھر میں کروڑوں اسمارٹ فون صارفین کو متاثر کرسکتا ہے۔