43

ّآئی ٹی میں پاکستانی نوجوان بہترین صلاحیتوں کے مالک

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں آئی ٹی کے حوالے سے نوجوانوں میں بہترین صلاحیت موجود ہے۔ ارلی ایج پروگرامنگ میں پاکستان کی سطح پر پوزیشنز لینااس بات کو سمجھنے کے لئے کافی ہے کہ یہاں پر سکول کے بچے کتنے قابل ہیں۔ لیکن ہماری کوشش ہے کہ عالمی سطح پر بھی آئی ٹی کے میدان میں نوجوان طلباء و طالبات کے لئے مواقع ڈھونڈ نکالیں۔ لائیوشیل وائرٹاپ ٹین انوویٹرز میں محکمہ سائنس وآئی ٹی کے سٹارٹ اپ نے دوسری پوزیشن لے کر نہ صرف صوبے کا نام روشن کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے نام کو بھی چار چاند لگا دئیے۔ یہ سفر ادھر نہیں رکنے دیں گے، کیونکہ خیبرپختونخوا میں محکمہ سائنس وآئی ٹی ارلی ایج سے لے کر یونیورسٹی لیول تک جدید تربیت کی بنیاد پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لئے میدان سازگاربنا رہے ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے لائیوشیل وائر ٹاپ ٹین انوویٹرز مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ٹیم گرینوویشن سٹارٹ اپ کے ساتھ جمعرات کو خصوصی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر صوبائی معاون خصوصی کامران بنگش نے واضح کیا کہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی صوبے کے تمام محکمہ جات کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ صوبے کو جلد از جلد پیپرلیس بنالیا جائے جبکہ ڈیجیٹیلائزیشن کا عمل بھی تیز ہو۔ سٹیٹ آف دی آرٹ انکیوبیشن سنٹرز، سائبرسیکیورٹی تربیت، سیاحوں سے متعلق ڈیجیٹل اپروچ، سکولوں میں سائنس کلبز، فری وائی فائی سہولت اور باباگرونانک سکول آف سٹیم حالیہ دنوں میں ممکن بنا رہے ہیں جو محکمہ سائنس وآئی ٹی کے اٹھائے گئے عوام دوست اقدامات میں شامل ہیں۔ نوجوان جدید آئیڈیاز کے ساتھ آئیں محکمہ سائنس وآئی ٹی اسے حقیقت میں بدلنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر یہ کامیابی یقینا ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سائنس و آئی ٹی کے ذریعے آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے مذکورہ مقابلوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شیل لائیو وائر ٹاپ ٹین ایوارڈ ایک عالمی مقابلہ ہے جو جدت کے فیلڈ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاروباری آرگنائزیشنز یا کمپنیوں کو اجاگر کرتاہے اور انہیں عالمی سطح پر اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس لیول پر دوسری پوزیشن لینا یقینا قابل داد ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی کامران بنگش اور ڈائریکٹرجنرل خالد خان نے سعد بن اعظم کی قیادت میں آئے گرنیوویشن سٹارٹ اپ کے ٹیم کے ساتھ مل کر کیک بھی کاٹا۔