ناک میں دانت نکل آنا یہ بات سننے میں ناممکن سی لگتی ہے لیکن ہم آپ کو آج ایک ایسے شخص کے بارے میں بتائیں گے جس کی ناک کے اندر واقعی دانت نکل آیا۔
چینی میڈیا کے مطابق ژانگ بنسینگ کو تین ماہ سے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا تھا جس کے بعد بالآخر انہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ 30 سالہ چینی شخص کا ڈاکٹر نے جب معائنہ کیا تو سانس لینے میں دشواری کی ایک انوکھی وجہ سامنے آئی۔
متاثرہ شخص نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ انہیں چند ماہ سے رات میں سوتے وقت دشواری کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ انہیں ٹھیک سے سانس نہیں آتی اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں سانس لیتے وقت ایک مخصوص بدبو بھی آتی ہے۔
ڈاکٹر نے ان کی علامات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ژانگ بنسینگ کو ایکسرے کرانے کا مشورہ دیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے ایکسرے میں ان کے ناک کے پچھلے حصے میں ایک ٹھوس چیز کا عکس دیکھا۔
ماہرین نے ژانگ کو سمجھایا کہ ان کے نتھنوں کے پیچھے موجود ٹھوس چیز ان کا گمشدہ دانت ہے جسے سن کر ژانگ حیران رہ گئے۔
زانگ بنسینگ 10 سال کی عمر میں ایک شاپنگ مال میں تیسری منزل سے نیچے گرے تھے جس کی وجہ سے ان کا ایک دانت متاثر ہوا تھا۔ ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ناک کے نتھنوں کے پچھلے حصے میں اس دانت کی جڑیں موجود تھیں جس کی وجہ سے یہ دانت وہاں نکلا۔
چین کے شہر ہاربن میں واقع ہاربن میڈیکل یونیورسٹی اسپتال کے ڈاکٹر گولونگمئی نے کہا کہ ژانگ کی ناک میں نکلنے والا دانت ایک سینٹی میٹر لمبا تھا جسے آدھے گھنٹے کی سرجری کے بعد نکال لیا گیا۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ ژانگ اب مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔ واضح رہے کہ ناک کے اندر دانت نکل آنا ایک بہت ہی غیر معمولی میڈیکل کنڈیشن سمجھی جاتی ہے اور دنیا میں صرف 0.1 فیصد لوگ ہی اس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ناک کہ اندر دانت نکل آنا عموماً چہرے پر کوئی چوٹ لگ جانے یا نشونما میں مسائل کے نتیجے میں ہوتا ہے۔ طبی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ 1959 سے 2008 کے درمیان اس عجیب میڈیکل کنڈیشن کے کُل 23 کیسز میڈیکل جرنلز میں ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔