83

عائشہ عمر کی فلم مداحوں کو متاثر نہ کرسکی

پاکستان کی نامور اور اسٹائلش اداکارہ عائشہ عمر کی آخری ریلیز فلم 'کاف کنگنا' کو تجزیہ کاروں اور مداحوں دونوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس فلم میں عائشہ عمر نے 'گل ناز' نامی لڑکی کا کردار نبھایا تھا جو خود مختار ہے اور ہر وہ چیز حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے جو اسے پسند آجائے۔

تاہم ان کی یہ فلم نہ تو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی اور نہ ہی مداحوں کو اس میں موجود اداکاروں کی اداکاری نے بہت زیادہ متاثر کیا۔ اس ہی حوالے سے اداکارہ عائشہ عمر نے وائس آف امریکا کو دیے ایک انٹرویو میں بتایا کہ 'کاف کنگنا' ان کی بہترین فلم نہیں، کیوں کہ اپنے کیریئر کی سب سے بہترین فلم تو اداکارہ نے اب تک کی ہی نہیں۔

عائشہ عمر اپنے کیریئر میں 4 فلموں میں کام کرچکی ہیں، جن میں 'کراچی سے لاہور'، 'یلغار'، '7 دن محبت ان' اور 'کاف کنگنا' شامل ہیں۔ ان چاروں فلموں میں واحد 'کراچی سے لاہور' ایسی فلم ہے جس میں عائشہ عمر نے مرکزی اداکارہ کا کردار نبھایا۔

یہ عائشہ عمر کی پہلی فلم تھی اور ان کے مطابق یہ ان کے لیے سب سے خاص بھی ہے۔ انٹرویو کے دوران عائشہ سے جب سوال کیا گیا کہ ان فلموں میں سب سے بہترین فلم ان کے لیے کون سی ہے؟ تو اداکارہ نے کہا کہ 'میرے کیریئر کی سب سے اچھی فلم اب تک بنی ہی نہیں لیکن مجھے میری پہلی فلم کراچی سے لاہور بہت خاص لگتی ہے، اس میں کام کرنے میں بے حد مزح آیا اور میں نے فلم کے لیے گانا بھی گایا تھا'۔

پاکستانی سینما انڈسٹری کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ لولی وڈ صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس وقت 'رہبرا' نامی فلم میں کام کررہی ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ فلم مداحوں کو پسند آئے گی۔ اس فلم میں عائشہ عمر، احسن خان کے ہمراہ کام کرتی نظر آئیں گی۔