49

پودینے کے پتوں کے جادوئی فوائد جانیے!

پودینا ذائقے اور فلیور سے بھرپور ہوتا ہے، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ جلد کی خوبصورتی کو بڑھانے کے لیے بے حد مددگار ثابت ہوسکتا ہے؟

جی ہاں، پودینے کے پتوں کا استعمال جلد کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ اسے خوبصورت بنانے کے لیے بھی بے حد مفید ہے، ان پتوں میں اینٹی الرجی اور اینٹی آکسیڈنٹ پائے جاتے ہیں جو کہ جلد کو خوبصورت بنانے میں معاون ہوتے ہیں۔

آئیں ہم آپ کو پودینے کے پتوں کا استعمال اور اس کے فوائد بتائیں۔

چہرے کے داغ اور دھبے

پودینے کے پتوں میں اینٹی بیکٹیریل خاصیت ہوتی ہے جو کہ جلد پر مہاسے پیدا کرنے والے جراثیم کے خلاف کام کرتے ہیں جبکہ اس میں چہرے کے داغ دھبے بھی صاف کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

پودینے کے پتوں کو اچھی طرح پیس لیں اور اس کے بعد جلد کے ان حصوں پر لگائیں جہاں مہاسے یا داغ دھبے ہوں اور تھوڑی دیر لگا رہنے دینے کے بعد چہرہ اچھی طرح دھو لیں۔

روزانہ یا ہفتے میں 3 مرتبہ یہ عمل کرنے سے چہرے کی جلد صاف ستھری اور چمکدار ہوجائے گی۔

منہ کے اندر کی صفائی

اس ٹوٹکے کا استعمال قدیم زمانے سے چلا آرہا ہے۔ پودینے کے پتوں سے منہ کی صفائی کا خیال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے آپ پودینے کے پتوں کو پانی میں اچھی طرح جوش دے کر چھان لیں۔ پودینے کے پتوں کا یہ پانی ایک بہتریں ماؤتھ واش ہے۔ اس سے دن میں 2 مرتبہ کلیاں کرنے سے منہ کے اندر کا حصہ صاف ہو  جائے گا۔

بلیک ہیڈز کا خاتمہ

پودینے کے پتے بلیک ہیڈز کو کم یا ختم کرنے کے لیے کافی مدد گار سمجھے جاتے ہیں۔

 ایک گلاس پانی میں ایک مٹھی پودینے کے پتوں کو ڈال کر ابال لیں اور  پھر اس میں ایک چٹکی ہلدی شامل کرلیجیے، اس آمیزے کو اب بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔  اور اب آپ اس کا استعمال ایک اسکرب کی صورت میں کر سکتے ہیں۔ مستقل مزاجی سے اس کا استعمال کرنے پر آپ کو بہترین نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔

بال گرنے سے روکنا

پودینے کے پتوں میں اینٹی آکسیدینٹ وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کے بالوں کی نشونما کے لیے بہترین ہیں۔ پودینے کے پتے بالوں کے گرنے سے بچانے کے لیے بے حد مفید ہیں۔

اس کے لیے پودینے کے چند پتے پانی میں اچھی طرح ابال لیں اور پھر اس پانی کو  ٹھنڈا کرلیں۔ اب اس پانی کو بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور چند منٹ سر کی جلد کا مساج کریں اور 10 سے 15 منٹ بعد سر دھو لیں۔ ایسا کرنے سے بال گرنا کم ہوجائیں گے۔

جھریوں میں کمی

پودینے میں ایسی خاصیت پائی جاتی ہے جو کہ چہرے کی جھریوں کو کم کرنے کے لیے مددگار ہے۔

 پانی میں پودینے کے پتے ڈال کر ابالنے کے بعد اسے چھان کر ایک اسپرے بوتل میں رکھ لیجیے۔ اس اسپرے کو دن میں 2 سے 3 مرتبہ چہرے پر لگائیں اس سے جلد چمکدار ہوجاتی اور جھریوں میں خاطر خوا کمی ہوتی ہے۔

جلد پر خارش یا الرجی

پودینے میں ایسی قدرتی غذائیت موجود ہوتی ہے جو کہ الرجی اور جلن کے خلاف بہترین سمجھی جاتی ہے۔  پودینے کے پتوں کو پانی میں ملا کر آمیزہ بنا کر اس کا استعمال الرجی یا متاثرہ حصے پر کرنے سے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ تمام معلومات تحقیق سے حاصل کی گئی ہیں۔ اگر آپ کسی بھی طبی مسئلے یا انفیکشن کا شکار ہیں اس کے استعمال سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔