52

نیٹ فلیکس کا ’پاس ورڈ شیئرنگ‘ بند کرنے پر غور

نیٹ فلیکس پر مختلف فلموں اور  ویب سیریز سے لطف اندوز ہونے والے صارفین اب ہوشیار ہو جائیں کیونکہ نیٹ فلیکس پاس ورڈ شیئرنگ کو بند یا محدود کرنے پر غور کر رہی ہے۔

امریکا کی بین الاقوامی ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلیکس استعمال کرنے والے صارفین لاتعداد فلمیں اور ویب شوز کے عوض کمپنی کو ماہانہ معاوضہ ادا کرتے ہیں۔ ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلیکس اپنے صارفین سے فور اسکرین اکاؤنٹ (یعنی ایسا اکاؤنٹ جسے 4 افراد استعمال کر سکتے ہیں) سروس کے 6 سے 12 ڈالر تک کی رقم لیتا ہے۔

مگر اس فور اسکرین اکاؤنٹ سروس کا فائدہ بے شمار لوگ اٹھاتے ہیں کیونکہ صارفین اکاؤنٹ کا پاس ورڈ اپنے دوست احباب کے ساتھ بھی شیئر کرتے ہیں۔ کمپنی کے چیف پراڈکٹ آفیسر گیگر پیٹر نے ایک وی لاگ میں بتایا کہ وہ اب ایک ایسا طریقہ ڈھونڈ رہے ہیں جس سے ایک صارف کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ ان کے باقی دوست اور خاندان کے افراد استعمال نہیں کر سکیں گے۔

کمپنی کے پراڈکٹ آفیسر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فی الحال پاس ورڈ شیئرنگ کے مسئلے کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کرنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں بنایا مگر ہم اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹ پر نظرثانی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دیگر لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا کمپنی کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہا ہے۔ واضح رہے کہ نیٹ فلیکس پر 9 فیصد سے زیادہ صارفین اپنا پاسورڈ شیئر کرتے ہیں، بظاہر یہ تعداد اتنی زیادہ نہیں لگ رہی مگر اس سے نیٹ فلیکس کو لاکھوں ڈالرز کا تقصان ہو رہا ہے۔