71

پشاور کے عوامی مقاما ت پر مفت انٹرنیٹ سہولت کا آغاز

پشاور۔خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ پختونخوا ڈیجیٹل دوڑ میں شامل ہوچکا ہے جس سے اقتصادی ترقی کی شرح مزید مستحکم ہورہی ہے۔ صوبے کے نوجوان سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت برسرروزگار ہو سکتے ہیں جس کے لئے فری انٹرنیٹ سہولت دینا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا انہوں نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کے ہمراہ شالیمار باغ میں خیبرپختونخوا کنیکٹ پراجیکٹ کے تحت فری وائی فائی سروس، ڈیجیٹل لائبریری اور بزنس سنٹر کے افتتاح کے موقع پرشرکاء اور میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پشاور میں مفت انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے حوالے سے آج تاریخی دن ہے۔

شہر کے عوامی مقامات پر اس سروس کی فراہمی سے تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مستفید ہوں گے۔پشاور کو 21 ویں صدی میں ڈیجیٹلائزیشن کے تحت لے کر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجوددہ ٹیکنالوجی کے دور میں دنیا کے بڑے شہروں کی معیشت کی بہتری میں ڈیجیٹلائزیشن کا بڑا کردار ہے،پشاور میں مفت انٹرنیٹ سروس کا آغاز ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم قدم ہے جس کی بدولت شہر کی معاشی ترقی میں بھرپور مدد ملے گی۔خیبر پختونخوا کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں حکومت ان کی بھرپور رہنمائی کے لئے وسائل بروئے کار لائے گی۔صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبے کو جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ترقی دے رہے ہیں اسی لئے اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے۔

جس سے ایک طرف کمیونیکشن بڑھے گی تو دوسری جانب نوجوان برسرروزگار بھی ہوں گے۔ کیونکہ آج کا دور ڈیجیٹل دور ہے جہاں کاروبار موبائل اور لیپ ٹاپ کے ذریعے ہو رہے ہیں و زیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے مفت انٹرنیٹ سروس کی فراہمی سے متعلق منعقدہ تقریب کے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اورٹیکنالوجی کی دوڑ میں آگے لے جانے کے لئے عملی بنیادوں پر اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا ڈیجیٹل ترقی کے حوالے سے سب سے آگے جا رہا ہے، اور اس کے ثمرات آئندہ چند سالوں میں آنا شروع ہوجائیں گے جس سے نہ صرف نوجوان بلکہ خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد برسر روزگار ہوگی۔ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کو کراچی، لاہور، اسلام آباد کی طرز پر روزگار حب بنانے میں آئی ٹی ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے اسی لئے ہم نے تمام پبلک جگہوں پر وائی فائی سہولت دینے کے لئے منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

 کامران بنگش نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں فری وائی فائی سروس پنجاب کی طرز پر نہیں ہے یہ ایک دیرپا اور موثر منصوبہ ہے جس کے تمام ٹیکنیکل امور پر تحقیق کی گئی ہے۔ جبکہ اسی پراجیکٹ کے تحت خیبرپختونخوا کے25 ڈگری کالجز، بس اسٹینڈزاور پارکس کو فری وائی فائی سے کنیکٹ کریں گے۔ جس پر تقریبا 09 کروڑ چالیس لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ صحافی برادری کو فری وائی فائی سہولت دینے کے بارے معاون خصوصی نے واضح کیا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ضیاء اللہ نے پشاور پریس کلب میں فری انٹرنیٹ سہولت دینے کے حوالے سے سروے رپورٹ جمع کرادی ہے اور کچھ ہی ہفتوں میں پشاور پریس کلب میں یہ سروس مہیا ہوگی تاکہ صحافیوں کو رپورٹنگ کرنے میں کوئی مشکل درپیش نہ ہو۔