49

خیبرپختونخوا کے بم ڈسپوزل اسکواڈ پر بنائی گئی فلم نے ایوارڈ جیت لیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں بارودی مواد ناکارہ بنانے والے ادارے بم ڈسپوزل اسکواڈ پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’’آرمڈ ود فیتھ‘‘ نے بین الاقوامی ایمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فلمساز اسد فاروقی کی دستاویزی فلم کو حکومت اور سیاست کی کیٹیگری میں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اس فلم میں خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج عنایت اللہ ٹائیگر کو فلمایا گیاہے۔

عنایت اللہ ٹائیگرنے بڑی تعداد میں بم اور بارودی سرنگیں ناکارہ بنائی ہیں جب کہ وہ کم از کم 6 مرتبہ خودکش دھماکوں اوربارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے زخمی ہوچکے ہیں۔ عنایت اللہ ٹائیگر 2000 سے اب 297 دیسی ساختہ بم، 350 بارودی سرنگیں اور تقریباً ڈھائی ہزار دیگر دھماکا خیز مواد ناکارہ بنا چکے ہیں۔

عنایت اللہ نے برطانوی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ایک دھماکے میں ان کی بائیں ٹانگ ضائع ہوگئی تھی جب کہ ایک حادثے میں ان کا ایک ہاتھ بھی کٹ چکا ہے۔ عنایت اللہ کو وردی میں رہنا پسند ہے اور صرف نماز کے لیے شلوار قمیض پہنتے ہیں۔

عنایت اللہ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں اپنے فرض کی ادائیگی سے بے حد پیار ہے، وہ جب سے پولیس میں بھرتی ہوئے ہیں تو کبھی کبھی پورا سال گزرجاتا ہے اپنے گھر نہیں جا پاتے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ڈیوٹی انجام دے کر اور فرض کی ادائیگی کرکے وہ سکون محسوس کرتے ہیں۔