ماضی کی مقبول اداکارہ زیبا بختیار و موسیقار عدنان سمیع خان کے بیٹے فلم ساز، موسیقار، لکھاری و اداکار اذان سمیع خان نے اعتراف کیا ہے کہ والدین کے شوبز میں ہونے کی وجہ سے انہیں فائدہ ملا۔
اذان سمیع خان کی لکھی گئی فلم ’سپر اسٹار‘ نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی، انہوں نے نہ صرف اس فلم کی کہانی لکھی تھی بلکہ انہوں نے اس کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔ علاوہ ازیں اذان سمیع خان نے رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’پرے ہٹ لو اور گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کی موسیقی بھی تربیت دی تھی۔
اذان سمیع خان نے ان تینوں فلموں کے علاوہ بھی دیگر فلموں کی موسیقی ترتیب دی ہے جب کہ وہ فلموں کی ایڈیٹینگ سمیت سائنمٹاگرافی بھی کرتے ہیں۔ اذان سمیع خان نے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ فلم ’آپریشن 021‘ کی تکنیکی ناکامی میں ان کی لاپرواہی شامل ہے، انہوں نے اس فلم کی ایڈیٹنگ سمیت دیگر تکنیکی معاملات دیکھے تھے۔
اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی شخص اچھی موسیقی اور اچھا کام دیتا ہے تو اس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں، تاہم اگر کوئی ایک بھی ناکام چیز دیتا ہے تو ہمیشہ اس کے لیے مثال بن جاتی ہے۔
اپنے طویل انٹرویو میں اذان سمیع خان نے اپنے فلمی سفر، اپنے خاندانی پس منظر اور مستقبل کے بارے میں بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ وہ جلد اداکاری بھی کرتے دکھائی دیں گے۔ اداکارہ زیبا بختیار کے بیٹے نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ آٹھویں جماعت میں پڑھتے تھے تو والدہ انہیں اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بنائے گئے ڈرامے یا فلمیں ایڈٹ کرنے کا دباؤ ڈالتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ اس وقت انہیں یہ دباؤ غلط لگتا تھا، تاہم اب انہیں احساس ہے کہ کم عمری میں ایڈیٹنگ کرنے کی وجہ سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور اب وہ میوزک لکھتے یا بناتے وقت بھی ایڈیٹنگ کو ذہن میں رکھ کر کام کرتے ہیں جس وجہ سے ان کے کام میں غلطیوں کی گنجائش کم ہوتی ہے۔
اذان سمیع خان نے اعتراف کیا کہ ’اسٹار کڈ‘ ہونے کی وجہ سے انہیں فائدہ ملا اور انہیں شوبز انڈسٹری میں کسی پریشانی کو دیکھنا نہیں پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اسٹار کڈ ہونے کے فائدے تسلیم نہیں کرتے تو یہ غلط بات ہوگی، کیوں کہ انڈسٹری میں موجود یا ان کے ساتھ کام کرنے والے زیادہ تر افراد نے انہیں کم عمری سے ہی دیکھا اور پہچانا ہے۔
اذان سمیع کے مطابق اسٹار کڈ ہونے کی وجہ سے ان پر انڈسٹری کے زیادہ تر لوگ اعتماد کرتے ہیں اور جنہیں کوئی کام جلدی کروانا ہوتا ہے تو انہیں کام سونپ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اداکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سال کے آخر تک مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’پٹخ دے‘ میں اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے اداکاری کرنے کا سوچ رہے تھے اور جلد ہی وہ اس کی شروعات بھی کریں گے۔