62

درخت سے 400 گنا زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے والا بایوری ایکٹر

واشنگٹن: دنیا بھر میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار بڑھتی جارہی ہے جو عالمی تپش کی سب سے اہم وجہ ہے۔ اسی تناظر میں امریکی کمپنی نے ایک بایو (حیاتیاتی) ری ایکٹر بنایا ہے جو کسی درخت سے بھی 400 گنا زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں الجی استعمال کی گئی ہے۔

امریکی کمپنی ہائپر جائنٹ نے ایک الماری جیسا اسمارٹ نظام بنایا ہے جو ایک ایکڑ پر لگے درخت سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ اپنے اندر سموتا ہے۔ سائنسداں ایک عرصے سے الجی پر تحقیق کررہے ہیں اور اس سے ماحول دوست حیاتیاتی ایندھن اور گرین ہاؤس گیسوں کو جذب کرنے پر کام ہورہا ہے۔

اسے ای او ایس بایوری ایکٹر کا نام دیا گیا ہے جس پر ایک بڑے ایکس باکس یا ریفریجریٹر کا گمان ہوتا ہے۔ سات فٹ اونچے اور تین فٹ چوڑے اس نظام کو کسی بھی مصروف سڑک کے کنارے لگا کر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے انجذاب کا کام لیا جاسکتا ہے۔ توقع ہے کہ ایسے بہت سے نظام ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑٰی مقدار جذب کرسکیں گے۔

بایوری ایکٹر کے اندر ٹیوبوں اور پانی  کا ایک نظام ہے جہاں ایک قسم کی الجی (کلوریلا ولگارس) زندہ رہتی ہے اور اس کے اندر ہوا پمپ کرکے اوپر مصنوعی روشنی ڈالی جاتی ہے اور پورا نظام ایک عام درخت سے 400 گنا کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں مشین لرننگ سافٹ ویئر ہے جو پورے نظام کو دیکھتے ہوئے ایک ایک پہلو کو کنٹرول کرتا ہے جس میں روشنی کے نظام، درجہ حرارت اور پی ایچ لیول اور دیگر اشیا کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔