77

پھلوں، سبزیوں اور کپڑوں کو جراثیم سے پاک کرنے والا آلہ تیار

 لندن: کیا کبھی آپ نے سوچا کہ کوئی ایسا جادوئی طریقہ دریافت ہوجائے کہ کپڑوں سے لے کر دیگر اشیا تک صاف اور جراثیم سے پاک ہوجائیں؟ تو اب حاضر ہے ’سونک سوک الٹرا سانک کلینر‘ کو الٹرا ساؤنڈ ارتعاشات سے پھلوں اور سبزیوں سے لے کر کپڑوں تک کو پاک کرسکتا ہے۔

یہ چھوٹا اور مٹھی میں سما جانے والا آلہ صرف 50 واٹ بجلی استعمال کرتا ہے اور فی سیکنڈ 50 ہزار ارتعاشات (وائبریشن) سے اشیا کو صاف اور جراثیم سے پاک کرتا ہے۔ اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ مختلف اشیا سے نہ صرف جراثیم اور بیکٹیریا ختم کرسکتی ہے بلکہ سبزیوں اور پھلوں سے مضر کیمیکل اور کیڑے مار ادویہ کےآثار بھی دور کردیتی ہے۔

اسے استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے۔ جس شے کو صاف کرنا ہو اسے پانی میں ڈبویئے اور اس پیالے میں سونک سوک رکھ کر اسے اسٹارٹ کا بٹن دبادیں اور اس طرح تھوڑی دیر میں وہ شے مکمل طور پر صاف ہوجاتی ہے۔ یہ ایجاد جہاں اشیا کو گہرائی سے صاف کرتی ہے وہیں ایک عام واشنگ مشین کے مقابلے میں پانی کا استعمال بھی 400 گنا کم ہوتا  اور توانائی بھی 15 گنا کم خرچ ہوتی ہے۔

سونک سوک کلینر کو ایک سے دوسری جگہ لے جانا قدرے آسان ہے۔ اس طرح اس جدید آلے کی صورت میں نہ صرف آپ واشنگ مشین کو ایک سے دوسری جگہ لے جاسکتے ہیں بلکہ الٹرا سونک آلے کی صورت میں ایک بہترین جراثیم کش سسٹم بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

یہ آلہ مکمل طور پر واٹر پروف ہے اور دنیا بھر کی ویب سائٹ نے اس آلے کی تعریف کی ہے۔ یہ آلہ 150 ڈالر میں دستیاب ہے اور ہر ملک کے بجلی کے نظام کے تحت اسے تیار کیا گیا ہے۔