پشاور۔ضلعی انتظامیہ نے پنجاب سے آنے والے دودھ کے ٹیسٹ کیلئے کوہاٹ روڈ پر دوسری لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔ضلعی حکومت نے محکمہ لائیو سٹاک کے تعاون سے چند ماہ قبل دودھ کے تجزیہ کیلئے لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اور گزشتہ سال کئی ہزار لیٹر دودھ لیبارٹری تجزیہ کے بعد ضائع کردیا گیا تھا‘دودھ تجزیہ لیبارٹری کی کامیابی اور عوام کو صاف اور کیمیکل سے پاک دودھ کی فراہمی کیلئے دور دراز علاقوں میں بھی موبائل لیبارٹریاں قائم کردی گئی تھی۔
جس کے دورس نتائج برآمد ہونے کے بعد ضلعی حکومت نے پنجاب سے آنے والے دودھ کے فوری تجزیہ کیلئے کوہاٹ روڈ موٹرو وے اور جی ٹی روڈ پر لیبارٹریوں کے قیام کا اعلان کیاتھا جس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلع ناظم پشاور محمدعاصم خان نے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر معصوم ‘ اے سی پشاور اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے کوہاٹ روڈ بڈھ بیر میں اپنی نوعیت کی دوسری دودھ تجزیہ لیبارٹری کا افتتاح کرلیا۔
اس موقع پر ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے کہاکہ ضلعی حکومت نے دودھ تجزیہ لیبارٹری کے کامیاب تجربے کے بعد کوہاٹ روڈ پر پنجاب اور دیگر اضلاع سے آئے ہوئے دودھ کے کنٹینرز چیک کرنے کیلئے لیبارٹری قائم کی گئی ہے جبکہ جلد جی ٹی روڈ اور موٹروے پر بھی موبائل لیبارٹریاں قائم کی جائیگی تاکہ پنجا ب اور دیگر اضلاع سے آنے والے دودھ کاتجزیہ کیاجاسکے انہوں نے کہاکہ دودھ میں کیمیکل کی موجودگی کی صورت میں فوری طورپر اسی وقت دودھ ضائع کردیاجائیگا اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی ضلعی حکومت عوام کو صاف ستھرے اشیاء خوردنوش کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اور عوام کوصاف ستھری اور معیاری اشیائے خودرنوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
325