66

معروف لائف اینڈ اسٹائل صحافی نادیہ فیصل انتقال کر گئیں

پاکستان کی پہلی ’ویڈیو جوکی‘ (وی جے) کا اعزاز رکھنے والی معروف و سینیئر لائف اینڈ اسٹائل صحافی نادیہ فیصل 47 برس کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسیں۔

نادیہ فیصل کافی وقت سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں اور وہ کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔نادیہ فیصل کو پاکستان کی پہلی خاتون وی جے مانا جاتا ہے، انہوں نے عالمی اداروں سمیت ملکی صحافتی اداروں کے ساتھ بطور لائف اینڈ اسٹائل صحافی کام کیا۔

نادیہ فیصل گزشتہ 9 برس سے نجی ٹی وی سے وابستہ تھیں اور اس دوران انہوں نے متعدد شوبز، فیشن و میڈیا پرسنلٹیز کے انٹرویوز کیے۔

انہیں نہ صرف انٹرٹینمینٹ بلکہ طرز زندگی، فیشن و ثقافت جیسے موضوعات پر بھی دسترس حاصل تھی۔

نادیہ فیصل کو ’نینی‘ کے نام سے جانا اور پکارا جاتا تھا۔  نادیہ فیصل کے شوہر فیصل رفیع نے اہلیہ کے انتقال کی تصدیق کی۔نادیہ فیصل کی وفات پر کئی صحافیوں، انٹرٹینمینٹ سے وابستہ افراد اور ان کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔