بیجنگ۔ چین کی مشہور ٹیلی کام کمپنی چائنہ موبائل نے فائیوجی نیٹ ورک سروسز کے لانچ کے لیے پاکستان کوابتدائی ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا،فائیو جی سروسز پاکستان میں سی ایم پاک ٹیلی کام کی جانب سے لانچ کی جائیں گی،جنہیں 2014میں سب سے پہلے پاکستان میں فور جی نیٹ ورک سروسز متعارف کرانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
پاکستان میں سی ایم پاک کی ٹیلی کام کمپنی ژونگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وانگ ہوا نے کہا کہ فائیو جی سروسز سے پاکستان کا سماجی ومعاشی شعبہ ایک نئے عہد میں داخل ہوگا۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)منصوبہ کو فائیو جی نیٹ ورک سروسز کے متعارف ہونے سے مواصلاتی نظام میں بہتری فراہم ہوسکے گی۔ اور سی پیک کے تحت اسی کے ذریعے مزید مواقع جنم لے سکیں گے،فائیو جی سروسز جیسی ٹیکنالوجیز کے لیے پاکستان میں کامیابی کے بہت سے مواقع ہیں پاکستان کو معروف ٹیلی کام تھنک ٹینک این الیون نے بھی پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جہاں انفراسٹرکچرمیں ابھی بھی بہت خلاء موجود ہے جس کی وجہ سے معاشی ترقی اپنی صلاحیت کے مطابق نہیں ہوسکی،فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑی کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس بگ ڈیٹا کلاؤڈکمپیوٹنگ اور انٹرنیٹ آف تھنگز شامل ہیں۔فائیو جی سروسز کا پاکستان میں متعارف کرایا جانا زرعی،تعلیمی اور دیگر شعبوں کیلئے انتہائی اہم ہے۔
جن کی مدد سے پاکستان میں تعمیر وترقی کا عمل تیز ہوگا اور سی پیک کے تحت معاشی شعبہ میں تیز رفتار کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں فی الوقت پاکستان کو معاشی شعبہ میں کامیابیاں اپنی استطاعت کے مطابق حاصل کرنے کیلئے مسائل کا سامنا ہے۔ ا ن مسائل کا حل فائیو جی سروسز متعارف ہونے سے باآسانی نکالا جاسکتا ہے۔