151

پاکستانی شائقین کے لیے بڑی عید پر 4 فلموں کا تحفہ

کراچی: رواں سال عید قرباں کے پُرمسرت موقع پر بڑے بجٹ اور خوبصورت کاسٹ پرمشتمل 4 فلموں کا میلہ سجے گا جن میں پاکستانی حسیناؤں ماہرہ خان، مایا علی اور حریم فاروق میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔

اس عید قرباں اداکارہ ماہرہ خان، حریم فاروق، مایا علی، شہریار منور، بلال اشرف، علی رحمان اورسمیع خان جیسی خوبصورت کاسٹ سے سجی 4 فلمیں’’پرے ہٹ لو‘‘،’’ہیر مان جا’’،’’سپر اسٹار‘‘ اور’’کاف کنگنا‘‘ ریلیز ہورہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ماہرہ خان کی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ اس عید پر ریلیز ہورہی ہے وہیں وہ فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔  لہٰذا قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ماہرہ خان عید قربان پر ہونے والا میلہ  دو فلموں کے ساتھ  دیگر اداکاراؤں کے مقابلے میں لوٹ لیں گی، تاہم یہ تو فلموں کی ریلیز کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کون سی اداکارہ نے بازی مارلی۔

پرے ہٹ لو

ہدایت کار عاصم رضا کی فلم’’پرے ہٹ لو‘‘ میں اداکار شہریار منور اورمایا علی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، تاہم فلم میں ماہرہ خان بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کے ٹریلر میں موجود ماہرہ خان کی اداؤں اورخوبصورت رقص نے شائقین کو فلم کی ریلیز سے قبل ہی دیوانہ بنادیا ہے اور شائقین بے چینی سے فلم کا انتظار کررہے ہیں۔  فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ کی منظر نگاری، موسیقی، خوبصورت لوکیشن سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ فلمسازوں نے بجٹ پر بالکل سمجھوتہ نہیں کیا۔ اس کے علاوہ فلم میں ڈراما، رومینس، ٹریجڈی، رقص اور خوبصورت موسیقی کا تڑکہ بھی لگایا گیا ہے جس کی بدولت ’’پرے ہٹ لو‘‘ ایک مکمل کمرشل مصالحہ فلم بن گئی ہے جو شائقین کو یقیناً سینما تک کھینچ لانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

سپر اسٹار

عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی دوسری بڑی فلم ماہرہ خان اور بلال اشرف کی ’’سپر اسٹار‘‘ ہے جس کی موسیقی، رقص اور فلم میں دونوں اداکاروں کی خوبصورت کیمسٹری پہلے ہی شائقین کے دل جیت چکی ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایکسٹرا سے لے کر سپر اسٹار بننے تک کے گرد گھومتی ہے جسے ماہرہ خان نے نبھایا ہے۔ فلم میں ڈراما، رومینس، ٹریجڈی سمیت وہ تمام مصالحے موجود ہیں جسے دیکھنے کے لیے شائقین پیسے خرچ کرکے سینما کا رخ کرتے ہیں۔

ہیرمان جا

چھوٹی اسکرین پر لوگوں کی داد سمیٹنے والی اداکارہ حریم فاروق اورعلی رحمان کی خوبصورت جوڑی اس عید قرباں بڑی اسکرین پر اپنے جلوے بکھیرنے آرہی ہے۔ ہدایت کار اظفر جعفری کی رومینٹک کامیڈی فلم ’’ہیرمان جا‘‘ کے ٹریلر کی مقبولیت سے اندازہ لگانا مشکل نہیں یہ فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ اور ’’سپراسٹار‘‘ کو بڑی ٹکر دے گی۔ شائقین سمیت فلمی حلقوں کو بھی ’’ہیرمان جا‘‘ کا بے صبری سے انتظار ہے۔

 

کاف کنگنا

اس عید الاضحیٰ ایک اور فلم ’’کاف کنگنا‘‘ ریلیز ہورہی ہے۔ یہ فلم کم تشہیر کی وجہ سے لوگوں اور میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول نہ کراسکی، تاہم فلم کا موضوع پاک بھارت کشیدگی کے ماحول میں جنم لینے والی محبت کے گرد گھومتا ہے جس میں اداکار سمیع خان نے پاکستان مسلمان لڑکے کا کردار ادا کیا ہے جسے بھارتی سکھ لڑکی کنگنا کی محبت میں گرفتار دکھایا گیا ہے۔ بھارتی لڑکی کا کردار اداکارہ ایشال فیاض نے نبھایا ہے۔ فلم میں اداکارہ عائشہ عمر، فضاعلی اور ساجد حسن بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ جب کہ اداکارہ نیلم منیر فلم میں آئٹم نمبر کرتی نظر آئیں گی۔ ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کی فلم ’’کاف کنگنا‘‘ آئی ایس پی آر کے تعاون سے بنائی گئی ہے۔