پشاور۔پشاور کے نواحی علاقہ پلوسئی مصلی گڑھی میں ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی پر بہنوئی نے فائرنگ کرکے اپنے سالے کو بیٹے سمیت قتل کردیا ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور5 افراد کیخلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
عامر ولد محمد گل ساکن اکاخیل افغانستان حال مصلی گڑھی پلوسئی نے تہکال پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کی پھوپھی کی شادی قادر ولد ناصر خان سے ہوئی تھی تاہم قادر خان اکثر اوقات نہ صرف اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا بلکہ اس کے سر کے بال بھی کاٹ دیئے تھے جس کے باعث وہ ناراض ہوکر میکے آگئی تھی۔
منگل کے روز قادر خان اپنے بھائیوں یاسین، انور خان پسران ناصر خان، والد ناصر خان ولد رضا خان ساکنان افغانستان حال بشیر آباد اور دوسرے ساتھی اعجاز ولد گل حسین ساکن پجگی روڈ کے ہمراہ اپنی بیوی کو منانے کیلئے آگیا تاہم اس موقع پر تو تکرار کے دوران قادر خان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں میرا والد متین خان ولد محمد گل اور بھائی عباس لگ کر زخمی جبکہ میں بال بال بچ گیا جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ مجروحین کو طبی امداد کیلئے خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ علاج کی فراہمی کے دوران دم توڑ گئے پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔