52

امریکی ریاست کیلفورنیا میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک

امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں منعقدہ کھانے پینے کے میلے میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

 رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ایک منٹ کے اندر ہی مشتبہ ملزم کو بھی ہلاک کردیا جبکہ ممکنہ طور پر دوسرے مشتبہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔

شہر کے پولیس چیف اسکاٹ اسمتھ کا کہنا تھا کہ ’عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق واردات میں کسی بھی طرح ایک اور شخص ملوث ہے تاہم ہمیں یہ معلوم نہیں کہ کس طرح ملوث ہے‘۔

فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور لوگ افراتفری میں محفوظ مقام پر پہنچنے کے لیے بھاگے۔

اس حوالے سے ایک عینی شاہد نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور کسی ایک کو نشانہ نہیں بنا رہا تھا بلکہ مسلسل ہر سمت میں فائرنگ کررہا تھا لیکن بظاہر وہ جانتا تھا کہ وہ کیا کررہا ہے‘۔

پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ ملزم 50 ایکڑ پر محیط اس میلے میں ایک کھاڑی کے ذریعے کاٹنے والے آلات استعمال کر کے داخل ہوا کیوں کہ داخلے کے مقام پر میٹل ڈیٹیکٹر نصب تھے اور سامان کی تلاشی جاری تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کا ارادہ واضح نہیں لیکن اس نے ایک قسم کی رائفل استعمال کر کے بغیر کسی نشانے کے گولیاں برسائیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وقوعے کے حوالے سے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’اہلکار جائے وقوع پر موجود ہیں احتیاط کریں اور محفوط رہیں‘۔