48

امریکا نے پاکستان کیلئے ملٹری سپورٹ بحال کر دی

ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے لیے ملٹری سپورٹ دوبارہ شروع کر دی اور امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ اور یو ایس ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے ایف سولہ طیاروں کے لیے پاکستان کو لاجسٹک اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت امریکا پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے پرزے اور فنی خدمات فراہم کرے گا۔

یہ اعلان وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکا کی جانب سے بھارت کے سی 17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے بھی 67 کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آلات اور سپورٹ کی مجوزہ فروخت سے خطے میں فوجی توازن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف 16 طیاروں کی فروخت سے امریکی خارجہ پالیسی اور نیشنل سیکیورٹی کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ اس طرح سے امریکا ہر وقت اپنے فوجیوں کی موجودگی سے اپنی ٹیکنالوجی کا تحفظ کر سکتا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، امریکا نے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا ہے، طیاروں کیلئے 125 ملین ڈالر کی سپورٹ فراہم کی جائے گی، ایف 16 طیاروں کے لیے تکنیکی سپورٹ کا اعلان پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، یہ اعلان پلوامہ کے بعد بھارتی پراپیگنڈے کی ہار اور ہمارے اصولی مؤقف کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ امریکا دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات اور معاشی تعاون بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا، دورہ خطے میں مثبت ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، پوری دنیا نے وزیراعظم کے موقف کی تائید کی ہے، وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں نئی منزلوں کی جانب گامزن ہے۔