بھارتی گلوکار و موسیقار انو ملک نے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد پھر سے ٹی وی شو میں واپسی کرلی۔
گزشتہ برس اکتوبر میں خواتین کو جنسی ہراساں اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے خلاف چلنے والی می ٹو مہم کے تحت گلوکارہ شوئیتا پنڈت اور سونا موہپاترا نے گلوکار و موسیقار انو ملک پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد انو ملک کو بھارتی مقبول رئیلیٹی شو ’انڈین آئیڈل‘ کے جج سے ہٹا دیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انو ملک جنسی ہراسانی کے الزامات کے باوجود ایک بار پھر ’سپر اسٹار سنگر‘ شو سے ٹی وی پر واپسی کررہے ہیں۔
’سپر اسٹار سنگر‘ بھی رئیلیٹی شو ہے جس میں انو ملک جج کی حیثیت سے شریک رہیں گے۔
پروڈیوسر ڈینیکا ڈسوزا نے انکشاف کیا تھا کہ 2010 میں انہوں نے انو ملک کے ساتھ ایک سال تک رئیلیٹی شو انڈین آئیڈیل میں کام کیا تھا، اس دوران انو ملک کا رویہ سب کے سامنے غیر اخلاقی تھا، جس کا سینئرز کو بھی پتہ تھا لیکن وہ انجان بنے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک واقعہ کلکتہ میں پیش آیا جب ایک خاتون ٹیم ممبر کو کمرہ مین اور انو ملک کے ساتھ سفر کرنا تھا، جب وہ لڑکی واپس آئی تو کافی ڈری سہمی نظر آرہی تھی۔
بعد ازاں اس لڑکی نے بتایا کہ انو ملک نے گاڑی میں اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی۔
گزشتہ برس بالی وڈ فلم نگری میں ایسے کئی کیسز سامنے آئے تھے جن میں وکاس بہل، رجت کپور، ساجد خان، نانا پاٹیکر اور آلوک ناتھ پر جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات لگے تھے۔