48

افغانستان میں سکیورٹی فورسز کی فضائی و زمینی کارروائیاں

کابل۔ افغان سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملے میں اہم کمانڈر مولوی جند اللہ سمیت 22طالبان ہلاک کر دیئے گئے، افغان صوبہ بلخ میں ایک ٹویوٹا کرولا گاڑی میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے 2دہشت گرد ہلاک ہو گئے، افغان فورسز نے کامیاب زمینی کاروائی کرتے ہوئے 2آئل ٹینکرز کے ڈرائیور کو بچالیا جبکہ کاروائی کے دوران 5طالبان دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فوجی عہدیدار نے میڈیا ٹاک میں بتایا کہ صوبہ بادغیس میں کی گئی افغان فورسز کی کاروائی میں 22طالبان کو موت کی نیند سلادیا گیا ہے۔بادغیس میں یہ کارروائی اہلکاروں پر طالبان کی چھاپہ مار کارروائی کے بعد کی گئی ہے۔

 اس کارروائی میں 30کے قریب اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں صوبہ بادغیس میں حالات بہت خراب ہیں، طالبان کی جانب سے اب تک اس کاروائی بارے کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبہ بادغیس میں ایک اور ضلع میں کاروائی کرتے ہوئے مزید دو طالبان کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان شاہین فورس نے ایک اور صوبہ زریاب اور بلغ میں کاروائی بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغا سیکیورٹی فورسز نے ایک ٹویوٹا گاڑی جو کہ بارودی مواد سے بھری ہوئی تھی کا پیچھا کیا۔

 متعدد بار روکنے پر بھی نہ رکنے پر اس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود بارودی مواد پھٹ پڑا اور گاڑی میں موجود دو دہشت گرد جل کر راکھ ہو گئے، اس واقعہ پر بھی طالبان کی جانب سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب افغان صوبہ بفلان میں افغان فورسز کی زمینی  فورس نے دو آئل ٹینکرز کو اغواء کر کے لے جانے والے 5طالبان کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا جبکہ ٹینکرز کے دونوں ڈرائیورز کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔