48

پاکستان کیساتھ عام پڑوسیوں جیسے تعلقات چاہتے ہیں،بھارت

نئی دہلی۔بھارت نے کہا ہے کہ وہ دہشتگردی سے آزاد ماحول میں پاکستان کے ساتھ عام پڑوسیوں جیسے تعلقات چاہتا ہے  اور اس طرح کا ماحول پیدا کرنا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ خارجہ امور مرلیدرہن نے  ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاکہ  دہشتگرد  بھارت اور جنوبی ایشیا میں دیگر جگہوں پر  سرحد پار دہشتگردی کیلئے پاکستان کے زیر انتظام علاقوں کا استعمال کرتے ہیں۔

حکومت نے سرحدی دہشتگردی کے مسئلے کو مسلسل اٹھایا ہے  اور اس برائی کے خاتمے کیلئے دوطرفہ علاقائی اور بین الاقومی فورم پر بین الاقومی تعاون پر زور دیا ہے۔دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون کے حوالے سے انکا کہنا تھاکہ  حکومت کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں عالمی برادری نے بھارت کی حیثیت کو سمجھا ہے۔

بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے مزید کہا کہ بین الاقومی برادری میں پاکستان سے پیدا ہونے والی دہشتگردی  اور بین الاقومی سطح پر نامزد دہشتگرد تنظیموں جماعت الدعوۃ،لشکر طیبہ،جیش محمد اور حزب المجاہدین کی جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔