75

ڈرون اب دیواروں پر پینٹنگ بھی بنانے لگے ​​​​​​​

روم، اٹلی: اٹلی میں ماہرین نے چار عدد ڈرون کو ایک ساتھ استعمال کرکے ایک بڑی دیوار پر خوبصورت پینٹنگ بنانے کا عملی مظاہرہ کیا ہے جسے عام طور پر گریفیٹی کہا جاتا ہے۔

یہ مظاہرہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا جسے ’اربن فلائنگ اوپرا‘ (یو ایف او) پروجیکٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر کی انتظامیہ نے مختلف افراد سے کئی متاثرکن منصوبوں کی تفصیل مانگی تھی۔ یہ مقابلہ ایک ڈیزائننگ کمپنی کارلو ریٹی کمپنی نے کرایا تھا جس میں ایک ہزار لوگوں نے اپنے اپنے پروجیکٹ بھیجے جن میں سے 100 قبول کئے گئے۔

اس پروجیکٹ کے تحت پولی ٹیکنک یونیورسٹی آف ٹیورن اور ٹیورن یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر ڈرون کی مدد سے ایک بڑی دیوار پینٹ کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے عملی مظاہرے کی دعوت دی گئی۔

پینٹنگ کے لیے ایک کار ساز کمپنی میں متروک دیوار کا انتخاب کیا گیا جو اٹلی کے شہر ٹیورن میں واقع ہے۔ 25 اور 26 جون کو پروگرام سے کنٹرول کئے گئےچار ڈرون نے پوری دیوار پر ایک خوبصورت پینٹنگ بناڈالی ۔ مرکزی کنٹرول سسٹم نے ہر ڈرون اور رنگوں کو الگ الگ کنٹرول کیا اور ماہرین اس پورے عمل کا بغور جائزہ لیتے رہے۔

اس عمل میں 14 میٹر لمبی اور 12 میٹر چوڑی دیوار کا انتخاب کیا گیا جس پر تین مختلف رنگوں کی تہیں چڑھائی گئیں۔اس میں سیاہ رنگت کو مضمون بیان کرنے میں استعمال کیا گیا ۔ سرخ رنگت سے ٹیورن کی شہری زندگی اور دیگر اجزا دکھائے گئے۔ جبکہ سبزی مائل نیلگوں پرت سے پورے مضمون یا اسٹوری کا احاطہ کیا گیا۔ اس طرح ایک عمودی بڑی دیوار پر پہلی مرتبہ ڈرون سے کوئی پیچیدہ ڈرائنگ بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔

گزشتہ دنوں ڈرون کے ان گنت استعمال سامنے آئے ہیں تاہم اب وہ دن دور نہیں جب ڈرون عمارتوں پر رنگ و روغن ، پینٹنگ یا تزئین و آرائش کا کام بھی کریں گے۔